حزب اللہ نے اسرائیل پر درجنوں راکٹوں سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ امریکہ نے اپنے شہریوں کو ’فوری‘ لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے سنیچر کی شب کہا کہ شمالی اسرائیل میں بیت الہلیل پر حملہ اسرائیل کے لبنان پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔
گروپ کا دعویٰ ہے کہ لبنانی علاقوں کفر کلا اور دیر سریال پر اسرائیلی حملوں میں عام شہری زخمی ہوئے تھے۔
ادھر ایران نے امید کا اظہار کیا ہے کہ ’حزب اللہ اسرائیل میں اندر اور مزید اہداف کا انتخاب کرے۔‘
ارنا نیوز ایجنسی نے اقوام متحدہ میں ایرانی سفارتی مشن کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ حزب اللہ اپنے ردعمل میں مزید اہداف کا انتخاب کرے گا اور (اسرائیل پر حملہ) کرے گا۔‘
ایرانی مشن نے مزید کہا کہ: ’دوسری بات یہ کہ وہ اپنے ردعمل کو فوجی اہداف تک محدود نہ رکھے۔‘
دوسری جانب حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تازہ جھڑپوں اور خطے میں کشیدگی کے بعد امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
لبنان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ ’فوری‘ اور ’دستیاب‘ پرواز لیں اور لبنان چھوڑ دیں۔‘
امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری ہدایات کے مطابق : ’امریکی سفارت خانے کے علم میں آیا ہے کہ متعدد ایئر لائنز نے اپنی پروازیں معطل یا منسوخ کر دی ہیں اور بہت سی پروازوں کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’تاہم لبنان چھوڑنے کے لیے سفری آپشنز موجود ہیں۔ براہ مہربانی بیروت ایئرپورٹ پر دستیاب آپشنز کا انتخاب کریں۔‘
امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ ’اگر آپ لبنان میں ہیں تو شیلٹر کے لیے تیاری رکھیں کیونکہ خطے کی صورت حال فوری تبدیل ہو سکتی ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ’فوراً لبنان سے نکل جائیں۔‘
کینیڈا نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اسرائیل کے سفر سے گریز کریں کیوں کہ علاقائی تصادم ان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہفتے کے روز بھی تشدد کا سلسلہ جاری رہا۔
غزہ کی انتظامیہ نے کہا کہ غزہ شہر میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہفتے کے روز کم از کم 15 فلسطینی مارے گئے۔
یہ حملہ مقبوضہ مغربی کنارے میں دو حملوں میں حماس کے ایک مقامی کمانڈر سمیت نو افراد کی اموات کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔