سندھ میں بسنے والے کھیری قبیلے کی خواتین دست کاری اور ہنر کی وجہ سے پورے صوبے میں مشہور ہیں۔ یہ قبیلہ کسی زمانے میں ریچھ لے کر گلی محلوں میں سرکس دکھایا کرتا تھا، مگر اب اس قبیلے کی خواتین ہاتھ سے دلہے کے سہرے بناتی ہیں۔
اس کے علاوہ یہ خواتین مہندی کی پلیٹیں بھی سجاتی ہیں اور شادی کے دن جس گلاس سے دلہا دودھ پیتا ہے، اس گلاس کو بھی موتیوں سے سجاتی ہیں۔
اس قبیلے سے تعلق رکھنے والی سلمیٰ کھیری نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ کام سیکھنے میں ایک لڑکی کو مہینے بھی لگ سکتے اور سال بھی لگ سکتے ہیں۔
’یہ کام سیکھنا لڑکی کے شوق پر منحصر ہے، مگر ہماری کوشش ہوتی ہے کہ لڑکی جلد سے جلد سیکھ جائے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس قبیلے سے تعلق رکھنے والی خواتین ارد گرد کے علاقوں میں لگنے والے میلوں میں بھی جاتی ہیں اور وہاں ہاتھ سے بنے سامان کی فروخت کے لیے سٹال لگاتی ہیں۔
سلمیٰ کھیری نے بتایا: ’ہمارا زیادہ تر سامان تو درگاہوں پر لگنے والے میلوں میں فروخت ہوتا ہے لیکن ہمارے کچھ لڑکوں نے کئی شہروں میں بھی دکانیں بنا رکھی ہیں جہاں وہ یہ سامان فروخت کرتے ہیں۔‘
سلمیٰ کے مطابق ان کی بنائی ہوئی جھالر جو انہوں نے ٹریکٹر کے لیے بنائی تھی، وہ ڈرائیورز کو بہت پسند آئی اور اس کے بعد کئی لوگ ان سے ویسی ہی جھالر بنوا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے اس ہنر کی وجہ سے ایک بینک نے انہیں دو لاکھ روپے کا انعام بھی دیا تھا۔