’بڑھتی عمر کے ساتھ کارکردگی آسان نہیں:‘ 38 سالہ ایشون مزید کھیلنا چاہتے ہیں

انڈیا کی جانب سے بنگلہ دیش کو 280 رنز سے ہرانے میں اہم کردار ادا کرنے والے ایشون کہتے ہیں کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہے ہیں۔

انڈیا کے ایشون 19 ستمبر، 2024 کو چنئی میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سینچری بنا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

38 سالہ انڈین آل راؤنڈر روی چندرن ایشون نے اتوار کو کہا کہ وہ کھیل جاری رکھنا چاہتے ہیں، حالانکہ ان کے نوجوان ساتھی کرکٹر اپنا کیریئر مختصر کر رہے ہیں۔

ایشون نے اپنے آبائی شہر چنئی میں انڈیا کی جانب سے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میں چار دن کے اندر 280 رنز سے شکست دینے کے دوران چھ وکٹیں حاصل کیں اور 113 رنز بنائے۔

یہ ان کا پانچ وکٹوں کا 37 واں کارنامہ ہے جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے عظیم سپنر شین وارن کے برابر آ گئے ہیں۔

ان سے آگے صرف سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن ہیں جنہوں نے 67 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔

 میچ کے بعد ایشون نے اس بارے میں بات کی کہ عمر بڑھنے کے ساتھ کھیلنا اور مسلسل اچھی کارکردگی دکھانا آسان نہیں ہوتا۔

انہوں نے اس عمر میں کھیلنے اور کارکردگی دکھانے کے چیلنجز پر بات کی۔ ’جب آپ 25، 26، 30 یا حتیٰ کہ 35 سال کے ہوتے ہیں تو بات کچھ اور ہوتی ہے۔ 38 سال کی عمر معاملہ مختلف ہوتا ہے۔‘

’ہر کام کے لیے آپ کو دگنی محنت کرنی پڑتی ہے تاکہ آپ حق ادا کر سکیں۔‘

ایشون کا کہنا تھا کہ ’میں جب تک کھیل سکتا ہوں، کھیلنا چاہتا ہوں۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس کھیل کی بدولت ہوں اور جو کچھ اس کھیل نے مجھے دیا، میں اس کا بہت مقروض ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ عمر بڑھنے کے باعث انہیں تربیت کے اوقات کو کم کرنا پڑا اور جسم کو فٹ رکھنے کے لیے دوسرے طریقے اپنانے پڑے۔

’اب میں فعال رہنے اور زندگی کے دوسرے پہلوؤں پر مختلف انداز میں کام کرتا ہوں۔ تھوڑا یوگا بھی کرتا ہوں۔ یہ اچھا ہوتا ہے۔‘

انڈین کپتان روہت شرما، جو 35 سال کے ہیں، اور سٹار بلے باز وراٹ کوہلی، جو ایشون سے کم عمر ہیں، اپنے کیرئیر کو مختصر کر رہے ہیں۔

دونوں نے جون میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایشون نے 101 ٹیسٹ میچوں میں 522 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اور ان کے ساتھی بولر رویندر جڈیجا، جنہیں انڈیا کے سپن جڑواں کہا جاتا ہے، نے بنگلہ دیش کو 515 کے تعاقب میں 234 رنز پر ڈھیر کرنے کے لیے نو وکٹیں لیں۔

دونوں نے پہلی اننگز میں انڈیا کو چھ وکٹوں پر 144 کی نازک صورت حال سے نکالنے کے لیے ساتویں وکٹ پر 199 رنز کی شراکت بھی کی اور سکور 376 تک پہنچایا۔

ایشون نے کہا کہ بائیں بازو سے کھیلنے والے 35 سالہ جڈیجا ان کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔

’وہ فیلڈ پر راکٹ ہیں۔ میں ان پر رشک اور حسد بھی کرتا ہوں لیکن ان کی بھرپور تعریف بھی کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے آپ سے مطمئن ہوں لیکن جڈیجا کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوں۔‘

ایشون نے اس سال انگلینڈ کے خلاف 4-1 سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے دوران 500 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا اور 100 ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

جڈیجا 73 میچوں میں 300 ٹیسٹ وکٹوں سے صرف ایک وکٹ دور ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ