کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے وقاص بلوچ عرف تھاؤزنڈ نے صرف آٹھ سال کی عمر میں ریپ گانا گا کر سب کو حیران کردیا۔ وقاص اس وقت پاکستان کے کم عمر ترین ریپ آرٹسٹ ہیں جن کا گانا ’ کاکے‘ پاکستانی میوزک ویب سائٹ پٹاری کے ذریعے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
وقاص بلوچ چوتھی جماعت کے طالب علم ہیں اور روزانہ سکول جاتے ہیں لیکن ساتھ ہی اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے اپنے بھائی کے ساتھ ’ڈارک سٹریٹ‘ نامی میوزک بینڈ میں ریپنگ کی پریکٹس کرتے ہیں اور گانوں کے بول بھی لکھتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وقاص کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری کے تیسر ٹاؤن گوہرام گوٹھ سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں بجلی، گیس اور صاف پانی کی سہولیات بھی موجود نہیں۔ انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے وقاص کا کہنا تھا کہ ان تمام مشکلات کے باجود وہ پاکستان کے سب سے بڑے ریپ آرٹسٹ بننا چاہتے ہیں اور ابھی سے اس کے لیے محنت کر رہے ہیں۔
وقاص کا کہنا تھا کہ سکول میں ان کا پسندیدہ مضمون اردو ہے اور انہیں اردو میں نئے الفاظ سیکھنے کا بہت شوق ہے کیوں کہ اس طرح انہیں اپنے گانوں کے بول لکھنے میں آسانی ہوتی ہے۔