اسرائیل نے لبنان میں چھوٹے پیمانے پر زمینی حملوں کا آغاز کر دیا: امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کو کہا کہ ’امریکہ اور اسرائیل نے لبنان میں زمینی حملوں کے حوالے سے بات چیت کی ہے اور اسرائیل نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت محدود حملے کر رہے ہیں۔‘

29 ستمبر، 2024 کی اس تصویر میں الجلیل کے علاقے میں لبنانی سرحد کے قریب موجود اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں کو دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کو کہا کہ ’امریکہ اور اسرائیل نے لبنان میں زمینی حملوں کے حوالے سے بات چیت کی ہے اور اسرائیل نے بتایا ہے کہ وہ اس وقت محدود حملے کر رہے ہیں۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’اسرائیل نے متعدد آپریشنز سے امریکہ کو آگاہ کیا ہے۔‘

خبر رساں ادارےاے پی کے مطابق ایک اور اعلی امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے لبنان پر چھوٹے پیمانے پر کیے جانے والے زمینی حملوں کے بارے میں امریکہ کو آگاہ کر دیا لیکن بڑے زمینی حملے کے وقت اور منصوبے کا نہیں بتایا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے پیر کی شب رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی ترتیب سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ جلد ہی لبنان پر زمینی حملہ کرنے والے ہیں۔

روئٹرز نے ایک امریکی اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ترتیب کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ لبنان پر اس کا زمینی حملہ قریب ہے۔

لیکن امریکی عہدیدار نے اسرائیلی فوج کی ترتیب کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیل نے چھوٹے پیمانے پر زمینی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک اور امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل اس وقت لبنان پر بڑے زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عہدیدار کے مطابق ’امریکہ نے اسرائیل کو لبنان میں حملوں سے نہیں روکا ہے اور وہ ایسا کرے گا بھی نہیں کیونکہ امریکہ اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔‘

ادھر لبنانی تنظیم حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے پیر کو کہا ہے کہ اگر اسرائیل لبنان میں زمینی کارروائی کرنے کا خواہاں ہے تو حزب اللہ اس کے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

المنار ٹی وی پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اسرائیلی زمینی دراندازی چاہتے ہیں تو ہم بالکل تیار ہیں، مزاحمتی قوتیں اس کے لیے تیار ہیں۔ ہم تیار تھے اور ہیں۔ اسرائیلی دشمن اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ اپنے نئے سیکریٹری جنرل کا جلد از جلد انتخاب کرے گی اور یہ کام اسی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا جو پہلے سے وضع شدہ ہے۔ انہوں نے غزہ اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

 حزب اللہ نے ہفتے کو تصدیق کی تھی کہ تنظیم کے سربراہ حسن نصر اللہ جمعے کو بیروت میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں جان سے چلے گئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا