پاکستان کے لیے کراٹے کا پہلا عالمی ٹائٹل جیتنے والے شاہ زیب رند

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند نے مارشل آرٹس میں ورلڈ چیمپیئن بن کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹس کھلاڑی شاہ زیب رند نے حال ہی میں سنگاپور میں ہونے والی عالمی کراٹے کمبیٹ چیمپیئن شپ میں سنسنی خیز مقابلے میں جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مارشل آرٹس کی تاریخ میں یہ پاکستان کے لیے پہلی بار ورلڈ ٹائٹل کی کامیابی ہے۔

سنگاپور میں ہونے والا کراٹے کمبیٹ انٹرم ٹائٹل لائٹ ویٹ بیلٹ کا عالمی مقابلہ شاہ زیب رند اور برازیلین کھلاڑی برونو ایسیس کے درمیان تھا۔ دونوں کے درمیان سخت پنجہ آزمائی ہوئی اور سخت مقابلے کے بعد شاہ زیب نے مدمقابل کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔

شاہ زیب رند نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا: ’اس کھیل کے شروع میں کافی مشکلات درپیش ہوئیں، لیکن مستقل مزاجی کے ساتھ پریکٹس جاری رکھنے سے کامیابی نصیب ہوئی۔‘

بقول شاہ زیب: میں چھ بار نیشنل چیمپیئن بنا۔ 2014 میں پاکستانی ٹیم کا حصہ تھا اور گولڈ مڈلز جیتے۔ میں پاکستان میں پہلا کھلاڑی ہوں، جس نے ملک کو کراٹے میں ورلڈ ٹائٹل دلوایا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کراٹے کے کھیل میں کسی بھی ٹورنامنٹ کے لیے سب سے مشکل مرحلہ وزن میں کمی کا ہوتا ہے۔

’میرا وزن 68 کلو گرام ہے۔ فائنل میں پہلے کھلاڑیوں کا وزن کیا جاتا ہے اور اس کے بعد فائٹ کا آغاز ہوتا ہے۔‘

شاہ زیب نے بتایا: ’میرا مخالف دنیا کا ٹاپ ون فائٹر تھا۔ ان کے ٹائم ریکارڈ کے علاوہ تجربہ بھی مجھ سے کافی زیادہ تھا لیکن محنت اور جذبے نے مجھے جیت میں مدد کی۔‘

ان کا کہنا تھا: ’کھیل کے شروع میں مجھے کچھ نقصان بھی ہوا تھا، پھر میں نے سوچا کہ مجھے اپنے لیے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے لیے لازمی جیتنا ہے۔ تھرڈ راؤنڈ میں کھیل ختم ہوا اور میرا مخالف پہلی مرتبہ میرے ہاتھوں ناک آؤٹ ہوا۔‘

شاہ زیب رند نے مزید بتایا کہ ’اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر لوگوں نے مجھے بہت عزت دی جو امیدوں سے بڑھ کر تھی۔‘

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند کو کوئٹہ آنے پر خوش آمدید کہا اور انہیں گلے لگا کر مبارک باد دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر میں ورلڈ ٹائٹل یونیفیکیشن کا مقابلہ برازیلین کھلاڑی سے ہی ہو گا، جب کہ یو ایف سی کا مقابلہ بھی ان کے اہداف میں شامل ہے۔

پاکستان کو عالمی کراٹے میں ورلڈ چیمپیئن بنانے والے شاہ زیب رند کی انتھک محنت، بے پناہ جوش اور مستقل مزاجی نے اس کامیابی کی بنیاد رکھی۔

شاہ زیب نے اس سے قبل متعدد عالمی مقابلوں میں سبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے۔

انعاموں کی بارش

شاہ زیب کی کامیابی پر مختلف سرکاری اور غیر سرکاری شخصیات نے ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پرو گرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ شاہ زیب رند قومی ہیرو ہیں اور انہیں وزیراعظم ہاؤس بلایا جائے گا۔

قبائلی و سیاسی شخصیت سردار یار محمد رند نے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپیئن شاہ زیب رند کو کیش انعام کے ساتھ زرعی زمین دینے کا بھی اعلان کیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی ان کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل