ملتان ٹیسٹ: ’فلیٹ پچ‘ پر پاکستان کی نصف ٹیم آؤٹ، انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان ٹیم انگلینڈ کے 823 رنز کے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا سکی تھی۔

انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ میں بیٹنگ میں شاندار پرفارمنس کے بعد عمدہ انداز میں بولنگ کی (اے ایف پی)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا اختتام میزبان ٹیم کے لیے انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا ہے جہاں اس پر ایک اور ہار کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔

ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان ٹیم انگلینڈ کے 823 رنز کے جواب میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا سکی تھی۔ کریز پر سلمان علی آغا اور عامر جمال موجود ہیں جو کھیل کے پانچویں دن دوبارہ اننگز کا آغاز کریں گے۔

انگلینڈ کی جانب سے روٹ اور ہیری بروک نے 492 رنز سے جمعرات کو اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔

میچ کے تیسرے روز ہی جو روٹ اور ہیری بروک نے سینچریاں سکور کر لی تھیں مگر انہوں نے اس پر اکتفا نہیں کیا اور تیزی سے رن بناتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 454 رنز بنا کر پاکستان کو کافی پیچھے دھکیل دیا۔

ہیری بروک 317 اور جو روٹ 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جب انگلینڈ نے 823 رنز پر اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بظاہر بالکل ہی فلیٹ دکھنے والی پچ بلے بازوں کے لیے مشکل دکھائی دینے لگی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلی اننگز میں سینچری سکور کرنے والے عبداللہ شفیق اننگز کی پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ صرف 59 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی نصف ٹیم واپس پویلین لوٹ چکی تھی۔

تاہم بعد میں سلمان علی آغا اور عامر جمال نے اننگز کو سنبھالا اور پاکستان کے سکور کو 152 تک پہنچا دیا مگر پاکستان کو اب بھی انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 115 رنز درکار ہیں جبکہ صرف چار ہی وکٹیں باقی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے چھ بولرز نے سو سے زائد رنز دیے جبکہ نسیم شاہ اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز جب ڈکلیئر ہوئی تو اس کی سات وکٹیں گریں تھیں۔ جبکہ انگلینڈ کو پاکستان پر 267 رنز کی برتری حاصل تھی۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے اور پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 151، سلمان آغا 104 اور عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے تین اور گس ایٹکنسن اور بریڈن کارس نے دو دو وکٹیں لیں تھیں۔

میچ کے چوتھے روز کا کھیل جاری ہے جبکہ کل اس ٹیسٹ میچ کا آخری دن ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ