پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 254 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے 76 رنز پر چار وکٹیں گر چکی ہیں۔
بیٹنگ کے لیے انتہائی مشکل سپن ٹریک پر آج ویسٹ انڈیز کے بیٹرز نے دوسری اننگز میں 244 رنز بنا کر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔
ٹاپ بیٹرز کی مسلسل خراب پرفارمنس کے بعد نچلے نمبروں پر کھیلنے والے مہمان بیٹرز ٹیم کو سیریز میں بنائے رکھے ہوئے ہیں۔
کپتان کریگ براتھویٹ نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ٹیوین املاچ نے 35، عامر جینگو نے 30، اور کیون سنکلیئر نے 28 رنز کا حصہ ڈالا۔ گداکیش موتی نے 18 اور کیوم ہوج نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سپنر نعمان علی نے آج بھی اپنی پرفارمنس کا تسلسل جاری رکھا ور چار مہمان بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ان کے ساتھ سپنر ساجد خان نے بھی چار وکٹیں لیں جبکہ ابرار احمد اور کاشف علی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے 254 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی۔
کپتان شان مسعود دو رنز بنا کر سنکلیئر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر محمد ہریرا بھی دو رنز پر موتی کا شکار بنے۔
کامران غلام نے 19 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی، لیکن وہ جومل واریکن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم 31 رنز بنا کر سنکلیئر کا نشانہ بنے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے لیکن اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو سنسنی خیز مرحلے تک پہنچا دیا ہے۔
پاکستان کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایکس پر احتشام صدیق اپنی پوسٹ میں کہتے ہیں کہ ’ایک مشکل ٹریک پر جہاں ہر کھلاڑی رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا وہ اپنے 31 رنز تک کریز پر ثابت قدم رہے یہاں تک کہ انہوں نے نئے کھلاڑی کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اپنی پوزیشن تبدیل کی۔‘
ہریرا کی وکٹ گرنے پر واسع حبیب نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’موت کا کھیل شروع‘
مہک اپنی پوسٹ میں لکھتی ہیں ’ڈر کا ماحول ہے بھائی صاحب، یا اللہ مدد۔‘