کشمور: سبسکرائبرز لانے پر چھٹی کا اعلان کرنے والے ’شاعر‘ ایس ایچ او معطل

رفیق کھیڑو نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’محبت میں اپنے اہلکاروں سے یوٹیوب چینل کے لیے سبسکرائبر مانگے، یہ کوئی قانونی جرم تو نہیں، مگر مجھے معطل کر دیا گیا، جس کا مجھے دکھ رہے گا۔‘

صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے تھانے میں تعینات سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو اپنے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبرز لانے والے اہلکاروں کے لیے چھٹی کا اعلان کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

کندھ کوٹ کے اے سیکشن تھانے کے معطل ایس ایچ او رفیق کھیڑو جو کہ شاعر بھی ہیں، کی ایک آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انہیں کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’اگر کوئی اہلکار میرے یوٹیوب چینل پر 20 سبسکرائبر لاتا ہے تو اسے دو دن چھٹی ملے گی۔ اگر کوئی 100 سبسکرائبر لاتا ہے تو اسے میری طرف سے 10 دن کی چھٹی ملے گی۔‘

آڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ’ایسا نہ ہو کہ کوئی بھی سبسکرائب کرے اور اہلکار یہ دعویٰ کرے کہ ان افراد کو میں نے سبسکرائب کروایا ہے، لہٰذا جو بھی سبسکرائب کروائے وہ سکرین شاٹس ضرور بھیجے۔ چھٹی سکرین شاٹس کی بنیاد پر دی جائے گی۔‘

آڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈویژنل انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) لاڑکانہ ڈویژن ناصر آفتاب نے ایک نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے رفیق کھیڑو کو معطل کر دیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق معطل ایس ایچ او رفیق کھیڑو پولیس رینج لاڑکانہ میں موجود رہیں گے اور پیشگی اطلاع کے بغیر چھٹی نہیں کر سکتے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں رفیق کھیڑو نے وائرل آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معطلی ایک آڈیو پیغام پر کی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

رفیق کھیڑو نے بتایا کہ یہ آڈیو پیغام انہوں نے اپنے تھانے کے بڑے منشی کو بھیجا تھا۔

’آڈیو وائرل ہونے کے بعد چینل کو ساڑھے پانچ سو سبسکرائبر مل گئے‘

یوٹیوب پر ’رفیق پروڈکشن لاڑکانہ‘ کے نام سے موجود رفیق کھیڑو کا چینل نومبر 2023 میں بنایا گیا تھا، جس پر ان کی مختلف فنکاروں کے کلام پڑھنے کی ویڈیوز سمیت کُل 57 ویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں۔ 26 اکتوبر تک ان کے اس چینل پر ایک ہزار سبسکرائبر اور 10 ہزار ویوز ہیں۔

رفیق کھیڑو کے مطابق وہ 1991 سے شاعری کر رہے ہیں اور 250 سے زائد اشعار لکھ چکے ہیں جبکہ ان کی شاعری کے موضوعات عشق، محبت، دکھ اور خوبصورتی ہیں۔

بقول رفیق: ’ان اشعار سے شاعری کی کتاب بن سکتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں رفیق کھیڑو نے بتایا: ’شاعر ہونے کے باعث میں بہت حساس ہوں، کوئی خوبصورت چیز دیکھتا ہوں یا کوئی دکھ نظر آجائے تو دل سے اشعار نکلتے ہیں۔ میرے اشعار کئی فنکاروں نے گائے اور خوب داد حاصل کی۔‘

ان کا کہنا تھا: ’کندھ کوٹ کے اے سیکشن تھانے میں میری تعیناتی نو ماہ پہلے ہوئی۔ ضلع کشمور کچے کے ڈاکوؤں اور قبائلی لڑائی کے باعث بدنام ہے۔ میری نو مہینے کی نوکری کے دوران میرے تھانے میں مکمل امن و امان رہا اور بہت سے خطرناک مجرموں کو گرفتار کیا مگر مجھے حکام کی جانب سے کبھی شاباش نہیں ملی۔‘

اپنی معطلی کی وجہ بننے والی وائرل آڈیو کا ذکر کرتے ہوئے رفیق کھیڑو نے بتایا کہ ’محبت میں اپنے اہلکاروں سے چینل کے لیے سبسکرائبر مانگے، یہ کوئی قانونی جرم تو نہیں، مگر مجھے معطل کر دیا گیا، جس کا مجھے دکھ رہے گا۔‘

ایک سوال کے جواب میں رفیق کھیڑو نے کہا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے یوٹیوب چینل پر ساڑھے پانچ سو نئے سبسکرائبر آئے۔ ’یہ ان لوگوں کی محبت اور میری سپورٹ کی نشانی ہے۔‘

سوشل میڈیا پر رفیق کھیڑو کی آڈیو وائرل اور فیس بک پر ان کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارف جاوید علی خاصخیلی نامی صارف نے اپنی فیس بک پوسٹ پر سندھی زبان میں لکھا: ’اگر سندھ میں ایس ایچ اوز اور اہلکار 24 گھنٹے فیس بک، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر مصروف ہوں گے تو امن و امان کیسے قائم ہوگا؟‘

 

محمد اسلم جتوئی نے رفیق کھیڑو پر بظاہر تنقید کرتے ہوئے لکھا: ’کندھ کوٹ کے ایس ایچ او کا مجرم پکڑنے کا انوکھا طریقہ، ’میرے یوٹیوب چینل کو 100 سبسکرائبر دلائیں اور 10 دن کی چھٹی حاصل کریں۔‘

 

صارف ہمتھ علی نے رفیق کھیڑو کی معطلی کے نوٹیفیکیشن پر ان کی تصویر کے شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے ایس ایچ او کو سبسکرائب کرکے سکرین شاٹ بھیج دیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان