سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کے لیے ریاض میں کنگ سلمان سٹیڈیم کے ڈیزائن کی رونمائی کر دی ہے جس میں 92 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔
سعودی وزارت کھیل نے کمپیوٹر جنریٹڈ امیجری سے تیار کردہ ایک پروموشنل ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس سٹیڈیم کی پہلی جھلک دکھائی گئی ہے۔
وزارت کھیل کے مطابق یہ سٹیڈیم 2029 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ سٹیڈیم سعودی قومی ٹیم کے مرکزی مقام کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور ایک سپورٹس کمپلیکس کا حصہ ہوگا جس میں ایک انڈور سپورٹس ہال، اولمپک سائز کا سوئمنگ پول اور دیگر سہولیات شامل ہیں جو ساتھ ہی واقع کنگ عبدالعزیز پارک کے سرسبز ماحول کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سعودی عرب 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق حاصل کرنے کا تقریباً یقینی امیدوار ہے کیونکہ 2023 کے اواخر میں مقررہ تاریخ سے پہلے صرف اسی نے باضابطہ طور پر بولی جمع کروائی تھی۔
تاہم فیفا کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب نے مارچ 2024 میں فٹ بال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی بولی کی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا تھا۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی فٹ بال فیڈریشن کے صدر ياسر المسحل نے گذشتہ سال کہا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی ان کے ملک کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2034 کے ورلڈکپ کی میزبانی کا ارادہ دنیا کو یہ دعوت ہے کہ وہ آ کر ’سعودی عرب کی ترقی دیکھیں، خوش آمدید کہنے والے معاشرے، ثفافت، تہذیب کو دیکھیں اور تاریخ کا حصہ بنیں۔‘
فیفا ورلڈ کپ 2034 کے میچز کی میزبانی کرنے والے شہروں اور سٹیڈیمز کے بارے میں کچھ زیادہ تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ ٹورنامنٹ نومبر - دسمبر 2034 میں ہو گا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔