کراچی ایکسپو سینٹر میں 12ویں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا آغاز ہو گیا ہے جس میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی جا رہی ہے۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا 19 سے 22 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی جس میں دنیا کے 55 ممالک سے 550 سے زائد نمائش کنندگان اپنے سٹالز لگائیں گے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے چار روزہ دفاعی نمائش کے آغاز نمائش میں شریک مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
خواجہ آصف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، جو دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے منفرد کردار ادا کر رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس دفاعی نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
نمائش میں ترکی اور چین بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی مرتبہ شریک ہو رہے ہیں۔ رواں ایڈیشن میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ مندوبین اور مبصرین شریک ہوں گے، اور مقامی کمپنیاں بھی نئی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔
ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا کموڈور اعتزاز خالد نے اس دفاعی نمائش کے حوالے سے بتایا ہے کہ افتتاحی تقریب کے بعد اہم سیمینارز اور میٹنگز ہوں گی۔
ان کے مطابق ایکسپو سینٹر کے دو ہال ترک کمپنیوں اور ایک ہال چینی کمپنیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
نمائش میں جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار رکھے جائیں گے، اور عالمی دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی ایک ہی چھت تلے دیکھنے کو ملے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب 12ویں دفاعی نمائش کے لیے کراچی ایکسپو سینٹر اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے 18 نومبر کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ’12 گھنٹوں کے لیے سڑک بند رہے گی، جبکہ باقی 12 گھنٹے راستے کھلے رہیں گے۔ آدھا کلومیٹر کی سڑک کو بند کیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’صبح سات سے شام سات بجے تک ایکسپو سینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی۔ چونکہ رواں سال میں کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ہیں اور سکیورٹی فورسز پر بھی حملے دیکھنے میں آئے ہیں، اس لیے نمائش میں مہنگے ترین سامان کی موجودگی اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت کے پیش نظر یہ اقدامات ضروری ہیں۔‘
ٹریفک پلان
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ پلان کے مطابق
- حسن سکوائر فلائی اوور سے نیشنل سٹیڈیم کی سڑک بند ہوگی۔
- سٹیڈیم فلائی اوور سے دونوں فلائی اوورز ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
- شارع فیصل سے بھاری اور کمرشل گاڑیوں کا کارساز روڈ پر داخلہ بند ہوگا۔ تمام بھاری اور کمرشل گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
- راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر بھاری اور کمرشل ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
- نیپا، گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ یا ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
- جیل چورنگی سے حسن سکوائر تک ہیوی اور کمرشل گاڑیاں نہیں جا سکیں گی۔ کمرشل گاڑیاں شہید ملت روڈ یا تین ہٹی روڈ کا استعمال کریں۔
اس دفاعی نمائش کا آغاز سال 2000 میں پہلی بار کیا گیا تھا جس کے بعد سے ہر دو سال بعد اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہو رہا ہے۔