پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ انڈین اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے وہ صرف اسی وقت بات کرتی ہیں، جب ان سے اس بارے میں سوال کیا جاتا ہے۔
کراچی میں جاری 17ویں عالمی اردو کانفرنس کے دوران ایک سیشن کے میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، خاندانی پس منظر، اہل خانہ، بچپن، نوجوانی اور اپنی پسند نا پسند کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے حوالے سے سوالات پر ان کا کہنا تھا کہ ’مجھ سے جب اس بارے میں سوال کیا جاتا ہے، تب ہی میں جواب دیتی ہوں لیکن لوگ کہتے ہیں کہ میں ہر وقت اس بارے میں بات کرتی رہتی ہوں۔‘
ماہرہ خان نے 2017 میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے مدمقابل فلم ’رئیس‘ میں کام کیا تھا، جس کے بعد سے تقریباً ہر انٹرویو میں ان سے اس حوالے سے ضرور بات کی جاتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کے دادا تقسیم ہند کے بعد پاکستان آئے اور کراچی کے علاقے خالد بن ولید روڈ پر اپنا گھر بنایا جہاں ماہرہ کا بچپن گزرا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے امریکہ میں بھی چھ سال گزارے، جس کے بعد واپس کراچی آنا ہوا۔
ماہرہ کے مطابق کالج کے زمانے میں کراچی کی زینب مارکیٹ ان کی پسندیدہ جگہ تھی۔
وی جے کی حیثیت سے شوبز میں آنے والی ماہرہ نے ڈراموں اور فلموں میں بھی اپنی جگہ بنائی اور مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔
ماہرہ نے بتایا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں آنے کے بعد وہ برقع پہن کر بھی مارکیٹ جاتی رہی ہیں لیکن آواز سے پہچانی جاتی ہیں۔
شہر کراچی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ کراچی یہ نہیں پوچھتا کہ آپ کہاں سے آئے کون ہیں؟
کراچی کے حوالے سے میڈیا پر پائے جانے والے تاثر پر ان کا کہنا تھا کراچی میں کبھی ان کا موبائل چھننے کا واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم ایک بار ان کے گھر میں چوری ہوئی تھی جس کا ملزم پکڑا گیا تھا۔