‎فورمین کرسچن کالج میں کرسمس کی تیاریاں: محبت اور ہم آہنگی کی عکاس

فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی (ایف سی سی یو) میں کرسمس کی تیاریاں نہ صرف مسیحی طلبہ بلکہ تمام مذاہب کے افراد کے لیے خوشیاں بانٹنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔

لاہور کے تعلیمی ادارے فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی (ایف سی سی یو) میں دسمبر کا مہینہ آتے ہی کرسمس کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ یہ موقع نہ صرف مسیحی طلبہ بلکہ تمام مذاہب کے افراد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے اور خوشیاں بانٹنے کا ذریعہ بنتا ہے۔

‎ایف سی سی یو کی کرسمس تقریبات کی ابتدا طلبہ کے خوبصورت کیرول گانوں سے ہوتی ہے۔ کیمپس میں جگمگاتی روشنیوں کے درمیان جب یہ گانے گائے جاتے ہیں تو ماحول خوشیوں سے بھر جاتا ہے۔

‎طلیعہ نامی مسیحی طالبہ کا کہنا تھا کہ ’ایف سی کالج نے تنوع کو فروغ دیا ہے اور یہاں ہر مذہب اور کلچر کے لوگوں کے درمیان بہت احترام ہے۔ جب کرسمس آتا ہے تو مختلف مذاہب کے لوگ اسے عزت اور جوش کے ساتھ مناتے ہیں۔ یہ ایک مثبت اور منفرد چیز ہے جو ایف سی سی یو کو خاص بناتی ہے۔‘

‎ایف سی سی یو کے طالب علم احسن اقبال نے بتایا کہ ’مجھے یہاں پر رہتے ہوئے چھ سال ہو گئے ہیں اور میں نے دیکھا کہ ایف سی سی یو کے اندر تمام تہوار بڑھ چڑھ کر منائے جاتے ہیں۔ یہ تہوار چاہے کسی بھی کمیونٹی کے ہوں، عید کا موقع ہو یا کرسمس، ساری کمیونٹیز مل جل کر مناتی ہیں۔ انسانیت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ایک دوسرے کے جذبات کی قدر کی جائے اور اسی وجہ سے ایف سی کالج کے اندر لوگ، جس بھی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہوں، ایک دوسرے کی خوشی میں لازمی شامل ہوتے ہیں۔‘

کرسمس ڈنر ایف سی سی یو کی تقریبات کا ایک اہم حصہ ہے، جہاں طلبہ، اساتذہ اور عملہ ایک ساتھ کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس موقع پر اتحاد اور شکر گزاری کی خوبصورت مثال دیکھنے کو ملتی ہے۔

‎ایف سی سی یو کے پاسٹر روبن نے بتایا کہ ’‎کرسمس خداوند یسوع مسیح کی پیدائش کی خوشی کا دن ہے اور ایف سی کالج میں اسے مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ کیرلز، کرسمس پلے، اور مختلف پروگرامز کے ذریعے طلبہ اور فیکلٹی مل کر خوشی مناتے ہیں۔ ہر مذہب کے لوگ اس جشن میں شامل ہو کر محبت اور امن کا پیغام عام کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

‎‎ایف سی سی یو کے چیف آف سٹاف نے اس موقعے پر کہا کہ ’ایف سی کالج میں محبت، صلح اور ہم آہنگی کا پیغام صرف کرسمس تک محدود نہیں بلکہ یہ یہاں کے ہر دن کی پہچان ہے۔ کرسمس کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرامز، جیسے کیرل سنگنگ، ٹیبلوز، اور ڈرامے، اس موٹو 'By Love Serve One Another' کو زندہ رکھتے ہیں، اور ہر فرد اس خوشی کو اپنی خوشی سمجھ کر مناتا ہے۔ یہ واقعی ایک خوبصورت مثال ہے کہ محبت اور خدمت کے ذریعے سب کیسے اکٹھے ہوتے ہیں۔

‎ایف سی سی یو میں کرسمس نہ صرف ایک مذہبی تہوار ہے بلکہ اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کی مثال ہے۔ یہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ دنیا میں امن اور بھائی چارے کا پیغام ہر مذہب کا مقصد ہے۔

وزیراعظم کا پیغام

کرسمس کے پر مسرت موقع پر، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’کرسمس کے موقع پر ہمیں اس کے  پیغام پر بھی غور کرنا چاہیے: تمام انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام, جیسا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے سکھایا۔ حضرت عیسیٰ نے ہمدردی، مہربانی، رحم اور حکمت جیسی پائیدار اقدار کی تبلیغ کی، لوگوں کی نیک زندگی کی جانب رہنمائی کی اور انہیں رب العزت کی قربت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔‘

انہوں نے کہا کہ آج کے دن وہ اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے ملک کی ترقی اور استحکام، خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قوم کی تعمیر کے شعبوں میں کیے گئے مثالی تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ’ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں گے کہ تمام مذاہب کے لوگ آزادانہ طور پر اپنے عقائد پر عمل کر سکیں اور پاکستانی قوم کی اجتماعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔‘

 کرسمس کی خوشیاں مبارک!
 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان