پالتو جانور انسانی زندگی میں ایک بہترین ساتھی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمدردی اور ذمہ داری کا ایک منفرد درس، جو شاید انسانی رشتوں میں ہم نظر انداز کر دیتے ہیں۔ زبان سے کچھ کہہ تو نہیں سکتے، لیکن ان کی خاموشی میں گہری کہانی چھپی ہوتی ہے۔
ان کو پالنے سے یہ بات میں نے اخذ کی کہ محبت، وفا اور دیکھ بھال الفاظ کے محتاج نہیں ہوتے۔
کتا: ایک وفادار ساتھی
ہر سال، امریکن کینل کلب پچھلے سال کی رجسٹریشن کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کتے کی سب سے مقبول نسلوں کی درجہ بندی جاری کرتا ہے۔ لیبرا ڈور ریٹریور دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک سب سے زیادہ مقبول نسل رہا ہے اور آج بھی ہے۔
تحریر کے مطابق لیبرا ڈورز کو پانی سے کھیلنا بہت پسند ہے۔ یہ نسل خدمت کے لیے سب سے زیادہ مقبول ہے۔ ان کاموں میں تلاش اور بچاؤ، منشیات کی نشان دہی اور تھیرپی یا علاج شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’میکس‘ کا تعارف
’میکس‘ نومبر 2023 میں میرے پاس آیا جب اس کی عمر دو ماہ تھی۔ مجھے اس سے پہلے بہت سے کتے رکھنے کا اتفاق ہوا، مگر یہ اپنی طرز کا الگ ہی کتا تھا۔ شروع میں مجھے یوں لگتا تھا جیسے میں بےنسل کا پلا گھر لے آئی ہوں، جو بات بات پر بھونکتا ہے، ہر شے چبانے کا شوقین ہے اور اپنے بیڈ پر سونے کی بجائے زمین پر سونے کو ترجیح دیتا ہے۔ اکثر میں مذاق میں اس کو ’ان پڑھ‘ کہہ دیتی تھی۔
میکس کی روزمرہ شرارتیں
کچن گارڈن کا شوق ہوا اور بہترین نسل کے ٹماٹر، بھنڈی اور دیگر سبزیاں اگائیں۔ کیا معلوم تھا کہ میکس ٹماٹر کا شوقین اور دشمن نکلے گا۔ ہمارے منہ میں جانے سے پہلے میکس ان کو ہڑپ کر چکا تھا۔
میکس کو بالکل صحیح طرح سے اس بات کا علم ہوتا تھا کہ کس وقت میرا موڈ ایسا ہے کہ اس کی شرارتوں کو نظر انداز کر دوں گی اور کب اس کو جھاڑ پلا دوں گی۔
میکس کا جذباتی تعلق
حساسیت رکھنے کے باعث میکس کو علم ہوتا تھا کہ کب میں بجھی بجھی ہوں۔ وہ میرے ساتھ لپٹنے کی جستجو سے ظاہر کرتا کہ وہ سب جانتا ہے۔ رات نو بجے کے بعد کے معمول کے مطابق میں جیسے ہی گھر سے باہر جاتی وہ فوراً کمرے کی کھڑکی میں بیٹھ جاتا اور آنکھوں سے مجھے بیٹھنے کا اشارہ کرتا۔ سردی ہو یا گرمی، یہ 15 سے 20 منٹ کی سرگرمی ہمارا معمول تھی۔
ایک دکھ بھرا اختتام
ایک سال دو ماہ کے خوبصورت سفر کے بعد وہ ایک دن اچانک بیمار پڑ گیا۔ طبی معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ اس نے کسی کپڑے کا ٹکڑا نگل لیا جس کی وجہ سے اس کی آنتیں بری طرح متاثر ہو گئیں۔
میکس ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ جب اس کا آپریشن ہوا تو میں اسے دیکھنے جاتی تو وہ دم ہلا کر استقبال کرتا۔ تکلیف کے باوجود اس کی آنکھوں میں محبت اور وفاداری کی روشنی نظر آتی۔ وہ اپنی پوری طاقت لگا کر مجھے خوش آمدید کہتا، گویا بتاتا کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔
میکس زندگی کی جنگ نہ جیت سکا اور ہمارا یہ مختصر مگر دلفریب سفر اختتام کو پہنچا۔
سب کچھ ٹھیک تو نہ ہو سکا، لیکن میکس بےلوث ساتھ کا ایک خوبصورت سبق اور تحفہ دے گیا۔
آج تک جتنے ہاتھ تھامے، میکس تمہارا ہاتھ سب سے زیادہ گرم تھا۔ میں یہ گرمی شاید کبھی نہیں بھول پاؤں گی۔