ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے اوہائیو میں ہیٹی کے تارکین وطن کے بلیوں اور کتوں کو کھانے کے بے بنیاد دعوے کے ایک ماہ بعد فلوریڈا کے ماہرین حیاتیات نے خبردار کیا ہے کہ درحقیقت وہاں دیوہیکل سانپ پالتو جانوروں کو کھا رہے ہیں۔
ریپٹائلز اور ایم فیبیئنز نامی جریدے میں شائع ہونے والے ایک مقالے کے مطابق برمی اژدھے جنوبی فلوریڈا کی مقامی جنگلی حیات کو کھا رہے ہیں، جن میں سفید دم والے ہرن اور مگرمچھ بھی شامل ہیں۔
وائلڈ لائف بائیولوجسٹ اور مقالے کے مصنفین میں سے ایک ایان بارٹوسیک نے اے بی سی سیون نیوز کو بتایا کہ دسمبر 2022 میں ان کی ٹیم نے 15 فٹ لمبی برمی مادہ اژدھے کو دیکھا جو ایک بالغ ہرن کو نگل رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ماہرین حیاتیات کے لیے یہ سب سے زیادہ دل دہلا دینے والی چیز تھی جو ہم نے اسائنمنٹ کے دوران دیکھی۔ یہ جتنا وحشیانہ ہو سکتا تھا، اتنا ہی تھا۔‘
مقالے کے مطابق جنوبی فلوریڈا میں ایک حملہ آور نسل سمجھے جانے والے یہ جانور اپنے جبڑوں کو اتنا کھول سکتے ہیں کہ وہ بڑے شکار کو کھا سکتے ہیں۔
مقالے میں کہا گیا کہ مثال کے طور پر تحقیق میں شامل سب سے چھوٹا سانپ جس کا وزن تقریباً 115 پاؤنڈ تھا، ایک ہرن کو کھا گیا جس کا وزن تقریباً 77 پاؤنڈ تھا۔
تحقیقی مقالے میں لکھا ہے، ’شکاری جس حجم کا شکار کھا سکتے ہیں، اس کا علم ہمیں ان کے ماحولیاتی اثرات کو سمجھنے اور پیشگوئی کرنے میں مدد دیتا ہے۔‘
لیکن وہ صرف ہرن ہی نہیں کھا سکتے۔ یہ دیوہیکل سانپ کسی بھی جنگلی یا گھر سے بھٹک جانے والے جانور کو نگل سکتے ہیں۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کے مطابق برمی اژدھے اپنے جسم کے 100 فیصد وزن کے برابر خوراک کھا سکتے ہیں اور ممالیہ جانوروں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کو نگلنے کے لیے مشہور ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تازہ ترین حیاتیاتی انکشافات اس وقت سامنے آئے جب سابق صدر، ان کے ساتھی جے ڈی وینس اور دیگر نے بغیر کسی ثبوت کے ہیٹی سے آنے والے تارکین وطن پر اوہائیو کے شہر سپرنگ فیلڈ میں کتوں اور بلیوں کو کھانے کا الزام لگایا۔
سپرنگ فیلڈ پولیس، شہر کے حکام اور یہاں تک کہ ریاست کے گورنر مائیک ڈی وائن نے ان دعوؤں کی مذمت کی جن سے امیگریشن مخالف بیانات میں اضافہ ہوا۔
ڈی وائن نے ستمبر میں ایک مضمون میں لکھا تھا: ’ہمارے لوگ اور ہماری تاریخ اس سے بہتر کے مستحق ہیں کہ انہیں غلط طور پر پیش کیا جائے۔‘
رپبلکن گورنر نے مزید کہا: ’مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ کس طرح وہ اور دیگر لوگ ان دعوؤں کو دہرا رہے ہیں جن میں شواہد کی کمی ہے اور سپرنگ فیلڈ میں رہنے والے قانونی تارکین وطن کی توہین کی جا رہی ہے۔
’یہ بیان بازی شہر اور اس کے لوگوں کو تکلیف پہنچاتی ہے، اور یہ ان لوگوں کو تکلیف پہنچاتی ہے جنہوں نے وہاں اپنی زندگی گزاری ہے۔‘
© The Independent