یقین نہیں کہ غزہ میں فائر بندی برقرار رہ سکتی ہے: ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد غزہ سے متعلق اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ ’مجھے یقین نہیں ہے‘ کہ غزہ میں فائر بندی برقرار رہ سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد غزہ سے متعلق اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ ’مجھے یقین نہیں ہے‘ کہ غزہ میں فائر بندی برقرار رہ سکتی ہے اور غزہ ایک خوبصورت علاقہ ہے جس کے ساتھ بہتر چیزیں کی جا سکتی ہیں۔

حلف برداری کے بعد صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے۔ دستخط کرنے کے دوران وہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی گفتگو کرتے رہے۔ اس دوران جب ان سے غزہ کے متعلق سوال کیا گیا کہ کیا انہیں یقین ہے کہ وہ غزہ میں فائر بندی برقرار رکھ سکتے ہیں اور معاہدے کے تین مراحل مکمل کر سکتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ ’مجھے یقین نہیں ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے غزہ کی تصویر دیکھی ہے اور یہ ایک بہت بڑی منہدم شدہ جگہ کی طرح ہے اور اسے بالکل مختلف طریقے سے دوبارہ تعمیر کرنا ہو گا۔

پیر کی شب امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد ٹرمپ نے اپنی افتتاحی تقریر میں کئی اہم منصوبے اور پالیسیاں پیش کیں جن میں امریکہ کی امیگریشن پالیسی، سرحدوں کی حفاظت اور دیگر اہم اقدامات شامل ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی افتتاحی تقریر میں یوکرین یا غزہ کے بارے میں براہِ راست کوئی ذکر نہیں کیا تاہم انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

صدر ٹرمپ کے خطاب کے 10 اہم نکات

امریکہ کا سنہری دور

صدر ٹرمپ نے ایک نئے دور کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’امریکہ کا سنہری دور‘ قرار دیا، جہاں قومی خوش حالی اور طاقت کا نیا دور شروع ہو گا۔

سب سے پہلے امریکہ اور قومی خودمختاری

صدر ٹرمپ نے قومی خودمختاری اور ’سب سے پہلے امریکہ‘ کی پالیسی کو دوبارہ اجاگر کیا جہاں ملکی مفادات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جنوبی سرحد کی حفاظت

نئے امریکی صدر نے جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا اور سرحدی تحفظ کو بہتر بنانے اور امیگریشن مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا۔

معاشی منصوبے

صدر ٹرمپ نے معاشی میدان میں کئی وعدے کیے جن میں انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

نئے صدر نے امریکی صنعت اور مینوفیکچرنگ کو دوبارہ مضبوط کرنے کی بھی بات کی۔

توانائی کی پالیسیاں

صدر ٹرمپ نے تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے توانائی کے شعبے میں قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔

حکومتی اصلاحات

صدر ٹرمپ نے حکومت میں بدعنوانی کو ختم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے حکومتی عمل کو بہتر بنانے کے لیے ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی‘ کے قیام کی بھی تجویز دی۔

سماجی پالیسیاں

نومنتخب امریکی صدر نے آزادی اظہار کے حقوق کو محفوظ بنانے کی بات کی مگر انہوں نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کیے جس میں صرف دو جنسوں کو تسلیم کرنے کی پالیسی اپنائی گئی۔

صدارتی معافی اور قانونی اقدامات

صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد اپنے پہلے دن چھ جنوری کے مظاہرین کو معاف کرنے سمیت کئی ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے۔

بین الاقوامی تعلقات اور علاقائی تبدیلیاں

صدر ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام ’گلف آف امریکہ‘ رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے پانامہ کینال کو دوبارہ امریکی کنٹرول میں لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

خلائی تحقیق

ٹرمپ نے مریخ پر انسان بھیجنے کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ کی خلائی تحقیق میں قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ تقریر صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی ترجیحات کو ظاہر کرتی ہے، جن میں قومی خود مختاری، اقتصادی ترقی اور حکومتی اصلاحات پر زور شامل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا