ایک ایسی دنیا میں جہاں انٹرنیٹ صدارتی مہمات سے لے کر مالیاتی منڈیوں تک ہر چیز پر اثر انداز ہوتا ہے، یہ حیران کن نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ نے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔
ان کے دو منصوبے $TRUMP اور $MELANIA میم کوائنز – جنوری 2025 میں لانچ ہوئے اور اپنی قیمتوں میں اچانک اور بے پناہ اضافے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان دونوں میم کوائنز یا منصوبوں کی کوئی حقیقی قدر ہے یا یہ محض مشہور شخصیات کی اپنی ڈیجیٹل مقبولیت کو سرمائے میں بدلنے کی کوشش ہے؟
میم کوائنز کیا ہیں؟
میم کوائنز اکثر انٹرنیٹ کمیونٹیز کو اپیل کرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں۔ ان کی قیمت کا تعین ان کی مقبولیت، مداحوں کی وفاداری اور کبھی کبھار ان کے تخلیق کاروں کی شہرت پر منحصر ہے۔
میم کوائنز میں سرفہرست سمجھے جانے والے Dogecoin یا Shiba Inu کی طرح کچھ صورتوں میں $TRUMP اور $MELANIA بھی اسی ماڈل پر چلتے ہیں، لیکن ان میں ایک منفرد پہلو شامل ہے۔ یہ کوائنز ٹرمپ خاندان کی متنازع سیاست اور شہرت کو غیر یقینی مالیاتی میدان میں لے آئے ہیں۔
تعارف کے فوراً بعد، ان دونوں کوائنز کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔ $TRUMP کی قیمت 6.50 ڈالر سے شروع ہو کر تقریباً 75 ڈالر تک پہنچ گئی، جب کہ $MELANIA نے سات ڈالر سے ڈیبیو کیا اور بعد میں 4.50 ڈالر کے آس پاس مستحکم ہو گئی۔
Bitcoin یا Ethereum کے برعکس، جو طویل مدتی مالیاتی منصوبوں کے طور پر دیکھے جاتے ہیں، ٹرمپ کے کوائنز کو غیر سرمایہ کاری ڈیجیٹل کلیکٹیبلز کے طور پر مارکیٹ کیا گیا ہے۔
کرپٹو تجزیہ کار ساره جینسن کہتی ہیں میم کوائنز ان شخصیات کی طرف راغب ہوتی ہیں جو لوگوں کے جذبات کو گہرائی سے متاثر کرتی ہیں۔
’ٹرمپ کوائنز نے مالیاتی وعدے کیے بغیر ٹرمپ کے متنازع بیانیے کو ایک ثقافتی اور سیاسی شناخت کے طور پر کامیابی سے پیش کیا ہے۔‘
سیاسی تحریک یا ڈیجیٹل کلیکٹیبل؟
پاکستانی کرپٹو شوقین ملک عمران کہتے ہیں ’میں ٹرمپ کی سیاست کا حامی نہیں، لیکن $ TRUMP کوائن نے مجھے پہلی بار میم کوائنز کی طرف متوجہ کیا۔ یہ کوائن کی افادیت کے بارے میں نہیں بلکہ اس کے پیچھے کی کہانی اور وائرل ہونے کا تجربہ اہم ہے۔‘
میم کوائنز کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ مشہور شخصیات اگر اپنی شہرت کو میم کوائنز کے ذریعے کیش کرتی ہیں، تو اس سے غیر تجربہ کار سرمایہ کاروں کو غیر یقینی مالیاتی منڈیوں میں نقصان کا خطره پیدا ہو سکتا ہے۔
غیر یقینی کا مسئلہ: بوم یا دیوالیہ؟
ابتدائی جوش و خروش کے باوجود میم کوائنز اکثر غیر متوقع نتائج دیتے ہیں۔ کرپٹو ماہرین بار بار خبردار کرتے ہیں کہ میم کوائنز کی قیمت اتنی ہی تیزی سے گر سکتی ہے جتنی تیزی سے یہ بڑھتی ہے اور اس دوران سرمایہ کاروں کے نقصان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
کراچی کے مالیاتی مشیر مظہر نعیم نئے سرمایہ کاروں کو میم کوائنز میں ہاتھ ڈالنے سے خبردار کرتے ہیں: ’کوائنز کا عروج بہت دلچسپ لگ سکتا ہے، لیکن یہ محض ایک قیاسی بلبلا ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
$MELANIA اور $TRUMP مالیات کے بنیادی اصولوں کی پیروی نہیں کرتے۔ یہ مکمل طور پر ہائپ پر منحصر ہیں اور جب یہ ہائپ ختم ہو جاتی ہے تو ’عام سرمایہ کاروں کا نقصان یقینی ہوتا ہے۔‘
ملک عمران کہتے ہیں کہ ’میں تصور کر سکتا ہوں کہ ہمارے کرکٹ کے لیجنڈز یا سیاست دان، جیسے عمران خان، پاکستان میں ایسے منصوبے شروع کریں۔ ہمارے ہاں پہلے ہی مداحوں کی کلٹس موجود ہیں۔ ان کو کرپٹو میں بدلنے سے بے حد دلچسپی پیدا ہو گی۔‘
ٹرمپ کوائنز مالیاتی ترقی سے زیاده ایک سماجی اور ثقافتی پیشرفت ہیں۔ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سیاست اور انٹرنیٹ کلچر کس طرح ضم ہو رہے ہیں، اور شخصیات اپنے اثر و رسوخ کو غیر منظم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مالیاتی طور پر منافع بخش بنا رہی ہیں۔
ثقافتی نقاد امانڈا بلیک کہتی ہیں حقیقی سوال یہ نہیں کہ $TRUMP کوائنز کا مستقبل کیا ہوگا، بلکہ یہ ہے کہ یہ ہمارے معاشرے کی حالت کی عکاسی کیسے کرتے ہیں؟
احتیاط سے آگے بڑھیں
مظہر نعیم مشوره دیتے ہیں کہ ’اگر کل پاکستان میں کوئی میم کوائن لانچ کرے، تو جوش و خروش بہت زیاده ہوگا، لیکن خطرات بھی مختلف نہیں ہوں گے۔ تعلیم اور سخت قوانین اس سے پہلے ضروری ہیں کہ اس طرح کے تجربات کامیاب ہوں۔‘
نوٹ: یہ مضمون محض معلوماتی مقاصد کے لیے ہے اور اسے کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری کے مشورے کے طور پر نہ لیا جائے۔
یہ تحریر لکھاری کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔