ہم نے جرسی پر پاکستان کا نام لکھنے سے منع نہیں کیا: انڈین کرکٹ بورڈ

انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا کا کہنا ہے کہ ’بی سی سی آئی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران آئی سی سی کے یونیفارم سے متعلق قوانین پر عمل کرے گا۔‘

انڈین سٹار وراٹ کوہلی اور کپتان روہت شرما چار اگست 2024 کو کولمبو میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

انڈین کرکٹ بورڈ نے بدھ کو کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی ٹیم آئی سی سی کے ڈریس کوڈ پر عمل کرے گی۔

اس بیان کے بعد وہ تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور انڈین بورڈ ٹیم جرسی پر میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام نہیں لکھے گا۔

سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے بدھ کو انڈین ویب سائٹ پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کی کہ بی سی سی آئی نے انڈین جرسی پر میزبان پاکستان کا نام لکھنے سے منع کیا ہے۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی رواں سال 19 فروری سے پاکستان میں کھیلی جانی ہے جبکہ انڈیا اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

انڈیا نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ’سکیورٹی خدشات‘ کی بنا پر پاکستان جا کر کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

انڈین کرکٹ بورڈ کے حال ہی میں بننے والے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’بی سی سی آئی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران آئی سی سی کے یونیفارم سے متعلق قوانین پر عمل کرے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ چند روز سے انڈین میڈیا پر کہا جا رہا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ ٹیم کی جرسی پر مبینہ طور پر چیمپیئنز ٹرافی میں میزبان پاکستان کا نام لکھنے پر  اعتراض کرنے جا رہا ہے۔

انڈین میڈیا پر چلنے کے بعد پاکستانی میڈیا بھی پیچھا نہ رہا اور اس نے بھی انہی خبروں کو موضوع بحث بنائے رکھا۔

تاہم بعد میں آئی سی سی کے حوالے سے بھی بعض چیزیں رپورٹ ہوئیں جن کے مطابق ’آئی سی سی نے انڈین کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ وہ جرسی پر پاکستان کا نام لکھنے کا پابند ہے۔‘

انڈین ویب سائٹ این ڈی ٹی وی نے اے سپورٹس کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا ہے جس میں ایک آئی سی سی عہدیدار نے کہا ہے کہ ’یہ ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی جرسی پر ٹورنامنٹ کا لوگو شامل کرے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ