صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلعے ملتان میں لکوڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کنٹینر میں دھماکے سے چھ افراد جان سے گئے جبکہ 36 زخمی ہو گئے۔
اتوار اور پیر کی درمیان شب ہونے والے اس دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا اور امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی اور مکانوں کے چھت گرنا اموات کی وجہ بنی۔
ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے ادارے ریسکیو 1122 ملتان کے ترجمان محمد ارشد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’مظفر گڑھ روڈ پر حامد پور چوک سے ملحقہ فہد ٹاؤن کے قریب ایل پی جی کنٹینر میں دھماکہ ہوا، ملتان ریسکیو ایمرجنسی سروس نے فوری قریبی سٹیشن سے ایمرجنسی سروسز کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا۔‘
ریسکیو آفیسر محمد عمران نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب 12 بج کر نو منٹ پر ایل پی جی کنٹینر پھٹنے کی کال موصول ہوئی جس پر ریسکیو 1122 نے فوری ریسپانس دیا اور سات منٹ 38 سیکنڈ میں موقعے پر پہنچے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی کنٹینر دھماکے سے پھٹنے کے سبب ارد گرد کا علاقہ متاثر ہوا۔
’اس میں چھ افراد کی جان گئی جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 24 کو ریسکیو 1122 نے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ چھ میں سے پانچ میتوں کو بھی نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک میت گھر والوں کے اصرار پر ان کے حوالے کر دی گئی۔ دو مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ اس حادثے میں 10 زخمی اپنی مدد آپ کے تحت نشطر ہسپتال پہنچے۔‘
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد واپڈا آپریٹر کو آگاہ کر کے متعلقہ فیڈر کی بجلی کو فوری منقطع کروایا گیا جبکہ ارد گرد کے علاقے کی گیس کو بھی بند کروا دیا گیا۔
محمد عمران نے بتایا کہ کچھ گھنٹوں کے آپریشن کے بعد آگ پر کنٹرول پا لیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے اور وہاں ریسکیو کی گاڑیاں اب بھی موجود ہیں تاکہ اگر کہیں سے پھر کوئی رساؤ ہو تو اس پرفوری قابو پایا جاسکے یہ گاڑیاں ابھی وہیں موجود رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ کنٹینر کس کمپنی کا تھا یہ جاننا فی الحال ممکن نہیں ہو سکا کیونکہ کنٹینر مکمل جل چکا تھا۔
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان محمد فاروق نے بیان میں کہا کہ امدادی کارکن نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بتایا مقامی افراد کے مطابق حامدپور چوک فہد ٹاؤن کے نزدیک ایل پی جی گیس ٹینکر سے گیس لیکج ہونے کی وجہ آگ اور دھماکہ ہوا۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی آبادی کے کچھ گھر مکمل طور پر گر گئے جبکہ باقی مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور آگ نے ان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق حادثہ والی جگہ پر موجود دو ایل پی جی کنٹینر مکمل جل گئے جبکہ ایک کو محفوظ کرلیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو سٹاف نے فوری طور پر فائر فائٹنگ کا عمل شروع کر دیا ’ریسکیو فائر فائٹرز نے تین اطراف سے موثر انداز میں فائر فائٹنگ کروائی جس کے نتیجے میں حادثہ کی جگہ پر موجود مزید ایک ایل پی جی گیس کے کنٹینر کو بھی آگ لگنے سے محفوظ کیا گیا۔ قریبی گوداموں اورمقامی ابادی میں لگی ہوئی اگ پر پر بھی قابو پایا گیا۔‘