ماہرینِ فلکیات نے ایک ممکنہ خطرناک شہاب ثاقب دریافت کیا ہے، جس کے 2032 میں زمین سے ٹکرانے کے امکانات ہیں۔
ناسا کے مطابق ’2024 وائے آر فور‘ نامی یہ شہاب ثاقب اس وقت زمین سے چار کروڑ 40 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور 13.5 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کر رہا ہے۔
اس کی چوڑائی تقریباً 60 میٹر ہے اور یہ واحد قریبِ زمین شے (این ای او) ہے جسے ٹورینو امپیکٹ سکیل پر درجہ تین دیا گیا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ ناسا اور دیگر خلائی اداروں کی نگرانی میں موجود بڑے اجسام میں سب سے زیادہ تصادم کے امکانات رکھتا ہے۔
یہ 25 دسمبر کو ایریزونا میں قائم کیٹالینا سکائی سروے کے دوران دریافت کیا گیا تھا، اور اس کے زمین سے ممکنہ تصادم کی تاریخ 22 دسمبر 2032 بتائی جا رہی ہے۔ تاہم، ماہرینِ فلکیات کے مطابق، اس کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات83 میں سے ایک ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کیٹالینا سکائی سروے کے ڈیوڈ رینکن نے کہا:’یہ کسی بڑے شہابیے کے زمین سے ٹکرانے کے سب سے زیادہ ممکنہ امکانات میں سے ایک ہے۔‘
یہ ابھی ابتدائی اندازہ ہے، اور مزید مشاہدات سے بہتر پیش گوئی ممکن ہو گی کہ یہ شہابیہ حقیقت میں زمین کے کتنے قریب آئے گا۔
غیر پیشہ ور فلکیات دان ٹونی ڈن نے ایکس پر ایک اینیمیشن شیئر کرتے ہوئے کہا: ’نیا دریافت ہونے والا شہابیہ 2024 وائے آر فور آٹھ سال بعد زمین کے انتہائی قریب آ سکتا ہے۔ اس کی چوڑائی 40 سے 100 میٹر کے درمیان سمجھی جا رہی ہے۔
’فی الحال اس کی نقل و حرکت میں خاصی غیر یقینی صورت حال ہے، اس لیے مزید مشاہدات کی ضرورت ہے۔‘
ڈن کی اینیمیشن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہابیہ زمین کے مدار سے 458 کلومیٹر کی بلندی پر گزرے گا، جہاں زمین کی کشش ثقل اس کا راستہ بدل سکتی ہے۔
یہ فاصلہ کم زمین مداری سیٹلائٹس (Low Earth Orbit Satellites) سے بھی نصف ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ زمین کی فضا میں داخل بھی ہو سکتا ہے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق، اگر یہ شہابیہ زمین سے ٹکراتا ہے تو اس کا اثر جنوبی امریکہ سے وسطی افریقہ، انڈیا اور جنوب مشرقی ایشیا تک محسوس کیا جا سکتا ہے، تاہم جیسے جیسے مزید ڈیٹا حاصل ہو گا، اس کے اثرات والے علاقے میں تبدیلی ممکن ہے۔
تصادم کی شدت کا دار و مدار صرف شہابیے کے حجم پر نہیں بلکہ اس کے مواد کی ساخت پر بھی ہو گا۔ موازنہ کیا جائے تو ڈائنوسارز کے خاتمے کا سبب بننے والے شہابیے کا قطر 10 سے 15 کلومیٹر تھا۔