انڈونیشیا میں حکام نے ایک مگرمچھ فارم کو بند کرنے پر زور دیا ہے۔ یہ فارم باتم شہر کے ایک جزیرے پر واقع ہے، جہاں سے گذشتہ ماہ 105 مگرمچھ فرار ہو گئے تھے۔
جزیرہ بولن سے بھاگے ہوئے ان مگرمچھوں نے مقامی لوگوں اور سیاحوں پر حملوں کا خطرہ پیدا کر دیا جس کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
سنگاپور کے حکام کو بھی اس معاملے پر خبردار کیا گیا۔اخبار جکارتہ پوسٹ کے مطابق جزائر ریاؤ کی قانون ساز کونسل کے سپیکر ایمان سوتیاوان کا کہنا ہے کہ ’ہم فارم بند کرنا چاہتے ہیں۔‘
سپیکر نے کہا کہ عوام کو خطرے میں ڈالنے کے علاوہ فارم نے 36 سال میں کوئی ٹیکس بھی نہیں دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 105 میں سے صرف ایک مگرمچھ اب بھی آزاد گھوم رہا ہے۔
ایمان سوتیاوان نے کہا کہ ’لیکن یہ صرف (فارم) انتظامیہ کا دعویٰ ہے۔ سچی بات یہ ہے کہ ہمیں اس پر یقین نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کمپنی باقی ماندہ مگرمچھوں کی تلاش جاری رکھے اور یہ بھی تصدیق کرے کہ کتنے مگرمچھ فرار ہوئے اور کتنے پکڑے جا چکے ہیں۔‘
حکام کے مطابق مقامی کونسلروں نے گذشتہ ہفتے کے اختتام پر مگرمچھ فارم کا دورہ کیا تاکہ مگرمچھوں کے فرار کے بعد وہاں کی صورت حال کا جائزہ لے سکیں۔
انہوں نے فارم انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر مستقبل میں مگرمچھوں کے حملے ہوئے تو اسے اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرنی ہو گی۔
مگرمچھوں کے فرار کا واقعہ گذشتہ ماہ 13 جنوری کو پیش آیا جب شدید بارشوں کے باعث پی ٹی پرکاسا جاگت کرونیا نامی کمپنی کے زیر انتظام فارم سے مگرمچھ فرار ہو گئے۔
طوفانی بارش کی وجہ سے مگر مچھوں کی افزائش نسل کے لیے استعمال ہونے والے تالاب کے اردگرد لگی باڑ کا کچھ حصہ گر گیا جس سے مگرمچھ باہر نکل آئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فارم انتظامیہ کے مطابق، وہاں کھارے پانی کے تقریباً 800 مگرمچھ موجود تھے۔
یہ فارم بنیادی طور پر مگرمچھوں کی کھال سے مختلف اشیا بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، مثال کے طور پر چمڑے کے بیگ، بٹوے اور بیلٹ وغیرہ۔
باتم کے میئر محمد رودی نے نیوی، پولیس اہلکاروں اور مقامی ماہی گیروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم تشکیل دی تاکہ مگرمچھوں کو پکڑا جا سکے۔
اب تک سب سے بڑا مگرمچھ جو پکڑا گیا، اس کا وزن ایک ہزار کلوگرام سے زیادہ ہے۔
سیاحت کی مقامی ایجنسی کے حکام نے بھی مگرمچھوں کے فرار کے بعد سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ساحلوں یا جوہڑوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
© The Independent