ایک کینیڈین شہری کو انڈیا کے ایئرپورٹ پر اپنے سامان میں مگرمچھ کی کھوپڑی لے جانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
کسٹمز حکام نے پیر کو ایک 32 سالہ شخص کو دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل نمبر تین پر سکیورٹی چیکنگ کے دوران روکا، جن کے سامان سے ’مگر مچھ کے بچے کے جبڑے سے مشابہہ نوکیلے دانتوں والی کھوپڑی‘ برآمد ہوئی، جو کپڑے میں لپٹی ہوئی تھی۔
کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ کھوپڑی 777 گرام وزنی تھی۔
اس شخص کو انڈیا کے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور کھوپڑی محکمہ جنگلات کے حوالے کر دی گئی۔
حکام نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ’مزید تحقیقات جاری ہیں۔‘
محکمہ جنگلات نے کہا کہ کھوپڑی اس انواع کی ہے، جسے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے شیڈول ون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محکمہ جنگلات نے مزید کہا: ’بناوٹ، دانتوں کا نمونہ، اچھی طرح سے بنی ہوئی سر کی ہڈیاں اور نتھنے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ ایک مگرمچھ کے بچے کی کھوپڑی ہے۔‘
کینیڈین شہری پیر کو ایئر کینیڈا کی پرواز سے روانہ ہونے والے تھے، جب انہیں روکا گیا۔
محکمہ جنگلات کے ایک افسر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ کینیڈین شہری نے یہ کھوپڑی تھائی لینڈ سے خریدی تھی۔
ڈپٹی فارسٹ رینج آفیسر راجیش ٹنڈن نے اخبار کو بتایا: ’اس شخص کے پاس جنگلی حیات کی اشیا لے جانے کے لیے مطلوبہ اجازت موجود نہیں تھی۔ ہم ذیلی انواع کی شناخت کے لیے مزید لیبارٹری ٹیسٹ کریں گے۔‘
گذشتہ سال ایک 32 سالہ کینیڈین خاتون کو دہلی ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب ان کے سامان سے ایک نامعلوم جانور کے سینگ برآمد ہوئے تھے۔
خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یہ سینگ لداخ کے علاقے میں کوہ پیمائی کے دوران اٹھائے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ اسی طرح کے واقعے میں، گذشتہ سال مارچ میں، ایک 60 سالہ شخص کو انڈیا سے ’وائلڈ لائف ٹرافی‘ سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
© The Independent