مسک کے 13ویں بچے کا جنم ’ہمیشہ خفیہ رکھنے‘ کو کہا گیا: ایشلی سینٹ کلیئر

انفلوئنسر ایشلی سینٹ کلیئر کا کہنا ہے کہ مسک نے ان سے کہا کہ وہ ان کا نام بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں شامل نہ کریں۔

 ایلون مسک کی 20 جنوری، 2025 کو لی گئی تصویر جس میں وہ کیپیٹل ہل میں موجود ہیں جبکہ دوسری تصویر ان کے تیرہویں بچے کی مبینہ والدہ ایشلے کلیئر کی ہے (اے ایف پی / @stclairashley)

ایلون مسک کے 13ویں بچے کو جنم دینے کا دعویٰ کرنے والی ماگا انفلوئنسر ایشلی سینٹ کلیئر کا کہنا ہے کہ ان سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے بچے کو ’ہمیشہ کے لیے راز‘ رکھیں۔

26 سالہ خاتون نے، جنہوں نے مسک کو ’عاجز‘ اور ’پرمزاح‘ قرار دیا، کہا کہ ارب سخصیت نے ان سے کہا کہ وہ ان کا نام بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں شامل نہ کریں تاکہ ان کی پرائیویسی محفوظ رہے۔

یہ انکشاف انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ 53 سالہ مسک اور ایشلی کی مبینہ ملاقات اس وقت ہوئی جب مسک نے ایکس پر ’انہیں پرائیویٹ پیغام بھیجا۔‘

ایشلی نے جمعے کو آن لائن ہلچل مچا دی جب انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا اور مسک کا ایک بچہ ہے۔

انہوں نے لکھا: ’پانچ ماہ قبل میں نے ایک بچے کو اس دنیا میں خوش آمدید کہا۔ ایلون مسک اس کے والد ہیں۔

’میں نے پہلے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی تاکہ اپنے بچے کی پرائیویسی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے، لیکن حالیہ دنوں میں یہ واضح ہو گیا کہ ٹیبلوئیڈ میڈیا کسی بھی صورت میں یہ خبر شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، چاہے اس سے ہمیں کوئی نقصان پہنچے۔‘

ایشلی نے یہ وضاحت نہیں کی کہ کون سا میڈیا ادارہ ان کی اور ان کے بچے کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

انہوں نے اب تک کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کیا کہ جس بچے کا وہ ذکر کر رہی ہیں، وہ واقعی مسک کا ہے۔

تاہم نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک تازہ انٹرویو میں انہوں نے مسک کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلق اور اس کے نتیجے میں ٹھہرنے والے حمل کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر کیں۔

انہوں نے نیویارک پوسٹ کو بتایا: ’مجھ سے کہا گیا کہ اسے راز رکھوں۔ مجھ سے کہا گیا کہ میں اسے ہمیشہ کے لیے چھپائے رکھوں۔‘

’اپنے حمل کے دوران میں مکمل طور پر تنہائی کا شکار تھی۔ میرے کیریئر کا ہر حصہ، وہ سب کچھ جو میں پہلے کرتی تھی، میں مزید نہیں کر سکتی تھی۔ مجھ سے کہا گیا کہ میں کسی کو نہ بتاؤں۔‘

نیویارک پوسٹ کے مطابق جو ٹیکسٹ میسجز اس نے ایشلی اور مسک کے مالی معاملات کے منتظم جیرڈ برچل کے درمیان دیکھے، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایشلی نے مسک کی خواہش کے مطابق ان کا نام بچے کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں درج نہیں کرایا۔

اس تمام راز داری کے باوجود وہ کہتی ہیں کہ دنیا کے امیر ترین شخص کے بارے میں ان کا پہلا تاثر مثبت تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’مسک بہت مزاحیہ تھے۔ وہ بے حد ذہین اور حیرت انگیز طور پر سادہ مزاج تھے۔‘

اس کے بعد انہیں سان فرانسسکو مدعو کیا گیا، جہاں وہ 24 سال کی عمر میں ایکس کے ہیڈکوارٹر میں مسک سے ملیں۔

ان کے بقول ان کا تعلق وہیں سے پروان چڑھا، یہاں تک کہ وہ حاملہ ہو گئیں۔

اگرچہ انہوں نے پرائیویسی کے معاملے میں مسک کی خواہش کا احترام کیا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ آن لائن اور سڑک پر ٹیکنالوجی ادارے کے سربراہ کے جوشیلے حامیوں کے ہاتھوں ہراسانی کا شکار ہونے لگیں۔

انہوں نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ ’پیچھا کرنے والوں کا ایک بہت پرتشدد گروپ تھا۔

انہوں نے ’میرے سابقہ تعلق سے پیدا ہونے والے کم سن بیٹے کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ وہ مجھے اس کی ایسی تصویریں بھیجتے جن میں خون دکھایا جاتا، اور کہتے کہ میں خود اپنی آنکھوں سے اس کی بھیانک موت دیکھوں گی۔ وہ مجھے ’ایلون کی طوائف‘ کہہ کر بھی گالیاں دیتے۔‘

ہفتے کو ایشلی کی پوسٹ کے بعد ان کے نمائندے برائن گلیک لِچ  نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ان کی مؤکلہ اور مسک  ’کچھ عرصے سے  اپنے بچے کی پرورش کے حوالے سے خفیہ طور پر معاہدے کی تیاری پر کام کر رہے تھے۔‘

گلیک لِچ نے کہا کہ ’یہ مایوس کن ہے کہ ایک اخباری رپورٹر نے، جو ایشلی اور ان کے خاندان کا مسلسل پیچھا کر رہا تھا، اس عمل کو رازداری کے ساتھ مکمل کرنا ناممکن بنا دیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایلون کے سرعام اپنے والد ہونے کے کردار کو تسلیم کرنے کے منتظر ہیں تاکہ غیر ضروری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو۔

’ایشلی  کو بھروسہ ہے کہ ایلون ان کے معاہدے کو جلد مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور یہ سب ان کے مشترکہ بچے کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے بہترین مفاد میں ہوگا۔‘

ایشلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پوسٹ شیئر کرنے سے پہلے مسک کی ٹیم کو اس بارے میں مطلع کیا لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔

مسک  کی جانب سے ایشلی کے اعلان پر واحد، بظاہر عوامی ردعمل دائیں بازو کے شدت پسند کارکن مائلو ییانوپولس کے ایک بیان کے جواب میں آیا۔

ییانوپولس نے دعویٰ کیا کہ ایشلی نے ’سوچی سمجھی سازش‘ کے تحت مسک کو ’پھنسانے‘ کی کوشش کی۔

اس پر مسک نے ہفتے کی شام صرف ’وو‘ کہہ کر جواب دیا تنازعے کے باوجود، ایشلی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے دعوے کو عوام کے سامنے لانے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔

انہوں نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ ’میری زندگی میں تقریباً ہر رشتہ خراب ہو جانا تھا اور بناوٹی دکھائی دینے لگنا تھا کیوں کہ میں کسی کو یہ نہیں بتا سکتی تھی کہ کیا ہو رہا ہے۔‘

’میرے بیٹے نے آج تک باہر جا کر چہل قدمی نہیں کی۔ پورے پانچ مہینے گزر چکے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’میں کبھی اپنے بچے کو باہر گھمانے نہیں لے جا سکی۔ مجھے خوف تھا کہ کوئی دیکھ لے گا کہ میرے پاس بچہ ہے اور یہ بات پھیل جائے گی۔‘

ایشلی نے بچے کے نام راز میں رکھنے کی درخواست کی۔ تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ وہ خوش اور صحت مند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں ایک اچھی ماں ہوں اور یہی چیز میرے زیادہ تر فیصلوں کی بنیاد بنتی ہے۔ میرے بچے ہی میری پوری دنیا ہیں۔

’میرا بچہ میری سب سے مکمل چیز ہے۔ میں کوئی تبدیلی نہیں چاہوں گی۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ