افغانستان: ’یقین دہانیوں کے بعد‘ خواتین کے ریڈیو سٹیشن پر پابندی ختم

طالبان کی وزارت اطلاعات کے مطابق ریڈیو بیگم نے نشریات بحال کرنے کے لیے ’بارہا درخواست کی‘ جس پر سٹیشن کی یقین دہانیوں کے بعد پابندی ختم کر دی گئی۔

28 نومبر، 2021 کی اس تصویر میں کابل میں ریڈیو بیگم پر جاری آن ایئر کلاس میں شریک طلبہ کو دیکھا جا سکتا ہے (اے ایف پی)

افغانستان میں پابندی کا شکار خواتین کا ریڈیو سٹیشن اپنی نشریات دوبارہ شروع کرنے جا رہا ہے۔

طالبان نے ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کے ساتھ مبینہ تعاون کے الزام میں ریڈیو بیگم پر پابندی عائد کی تھی، جو اب اٹھا لی گئی ہے۔

ریڈیو بیگم نے مارچ 2021 میں خواتین کے عالمی دن پر اپنی نشریات کا آغاز کیا تھا، تاہم پانچ ماہ بعد طالبان نے امریکی اور نیٹو افواج کے افراتفری سے بھرپور انخلا کے دوران اقتدار پر قبضہ کر لیا۔

اس ریڈیو سٹیشن کے تمام پروگرام مکمل طور پر افغان خواتین تیار کرتی ہیں۔

اس کا ایک ذیلی سیٹلائٹ چینل ’بیگم ٹی وی‘ فرانس سے چلایا جاتا ہے اور ساتویں سے بارہویں جماعت تک افغان سکول نصاب پر مبنی تعلیمی پروگرام نشر کرتا ہے۔

طالبان نے ملک میں لڑکیوں اور خواتین کے لیے چھٹی جماعت سے آگے تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

طالبان کی وزارت اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کی رات جاری ایک بیان میں کہا کہ ریڈیو بیگم نے اپنی نشریات دوبارہ شروع کرنے کے لیے حکام سے ’بارہا درخواست کی‘ جس پر سٹیشن کی یقین دہانیوں کے بعد اس پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ریڈیو سٹیشن نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ’صحافتی اصولوں اور اسلامی امارت افغانستان کے قواعد و ضوابط کے مطابق‘ پروگرام نشر کرے گا اور آئندہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ اصول اور قواعد و ضوابط کیا ہیں۔

ریڈیو بیگم نے تصدیق کی کہ وزارت نے انہیں نشریات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ 

طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خواتین کو تعلیم، مختلف قسم کی ملازمت اور عوامی مقامات تک رسائی سے محروم کر دیا گیا۔

طالبان کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر بڑھتی ہوئی سختیوں کے باعث صحافیوں، خاص طور پر خواتین صحافیوں، کی بڑی تعداد اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے 2024 کے پریس فریڈم انڈیکس میں افغانستان 180 ممالک میں سے 178ویں نمبر پر ہے۔

گذشتہ برس اس کا درجہ 152واں تھا۔ طالبان کی وزارت اطلاعات نے ابتدا میں اس ٹی وی چینل کا نام نہیں بتایا تھا جس کے ساتھ ریڈیو بیگم کے مبینہ تعاون کا الزام لگایا گیا تھا۔

تاہم ہفتے کے بیان میں وزارت نے کہا کہ ریڈیو سٹیشن ’ممنوع قرار دیے گئے بیرون ملک میڈیا اداروں‘ کے ساتھ تعاون کر رہا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا