لکی ایرانی سرکس پاکستان کا سب سے مشہور تفریحی شو ہے، جو ہر سال ہزاروں افراد کو اپنی طرف مائل کرتا ہے۔
1970 میں لاہور کے میاں فرزند علی نے اس سرکس کی بنیاد رکھی، اب یہ ایک مکمل فعال ادارہ بن چکا ہے جو ہر عمر کے افراد کو محظوظ کرتا ہے۔
حال ہی میں یہ سرکس اسلام آباد آیا جہاں لوگوں کے لیے یہ ایک نیا تجربہ بن چکا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لکی ایرانی سرکس میں آنے والی ایک شائق ثنا خان نے بتایا کہ ’ایک دفعہ جب میں بچپن میں اس سرکس کو دیکھنے گئی تھی، تو میری یادیں ابھی تک تازہ ہیں۔ اب جب اپنی بیٹی کو دکھانے کے لیے یہاں آئی ہوں، تو مجھے بھی وہی خوشی محسوس ہو رہی ہے جو میں نے پہلے تجربہ کی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس بار سرکس میں کچھ نئی اور دلچسپ چیزیں ہیں جیسے جمناسٹک، موت کا کنواں اور شیر کے کرتب۔ جب میں نے اپنی بیٹی کو موت کے کنویں کے بارے میں بتایا، تو وہ بہت پرجوش ہو گئی کیونکہ اس کے ذہن میں یہ سوال تھا کہ یہ کیا چیز ہے۔‘
’سرکس کے لوازمات میں پچھلے زمانے کی نسبت کچھ کمی آئی ہے، جیسے ڈاجم کارز وغیرہ جو پہلے ہوا کرتی تھیں، مگر پھر بھی اس کی تفریح اور شو کی نوعیت بہت اعلیٰ ہے۔‘
’خاص طور پر جمناسٹک کا شو بہت دلچسپ تھا اور بچوں کے لیے بہترین ہے تاکہ وہ بھی ان سرگرمیوں کو اپنانا چاہیں۔‘
’اب جب کہ یہ سرکس اسلام آباد میں ہو رہا ہے، میں اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر آئی ہوں تاکہ وہ بھی اس کا حصہ بن سکے۔‘