آئی پی ایل کی ٹائٹل سپانسر شپ 30 کروڑ ڈالر میں فروخت

ٹاٹا گروپ کو ایک بار پھر اگلے پانچ سال کے لیے انڈین پریمیئر لیگ کے ٹائٹل سپانسر شپ حقوق دے دیے گئے۔

کرکٹ مداح 25 اپریل، 2023 کو احمد آباد میں آئی پی ایل کا ایک میچ شروع ہونے سے قبل اپنی اپنی ٹیموں کے لیے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے ہفتے کو بتایا کہ ملک کی بڑی کمپنی ٹاٹا گروپ کو ایک بار پھر اگلے پانچ سال کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ٹائٹل سپانسر شپ کے حقوق دے دیے گئے ہیں۔

کمپنی کو یہ حقوق 30 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم کے عوض فروخت کیے گئے۔

ٹاٹا کے پاس پہلے ہی آئی پی ایل اور ویمنز پریمیئر لیگ کی ٹائٹل سپانسرشپ ہے۔ ویمنز پریمیئر لیگ کا پہلا ٹورنامنٹ گذشتہ برس ہوا تھا۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ ’اس مالی عزم کی مثال نہیں ملتی جو بین الاقوامی کھیلوں کے سٹیج پر آئی پی ایل کے وسیع اور عالمی اثر کی عکاسی کرتا ہے۔‘

آئی پی ایل میں کرکٹ کے بین الاقوامی سٹارز کو زبردست تنخواہوں کے ساتھ راغب کیا جاتا ہے۔ کھیل کے انتہائی مقبول ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔

مالی اعتبار سے انتہائی منافع بخش چیمپیئن شپ کو کروڑوں ناظرین دیکھتے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ نے ٹی ٹوئنٹی فرنچائز ماڈل کو فروغ دیا جسے بعد میں دنیا بھر میں اپنایا گیا۔

گذشتہ سال جون میں بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے اگلے پانچ سیزن کے نشریاتی حقوق عالمی میڈیا کمپنیوں کو 6.2 ارب ڈالر میں فروخت کیے۔

آئی پی ایل کے چیئرمین ارون سنگھ دھومل نے کہا کہ 28-2024 کے لیے ٹاٹا گروپ کی آئی پی ایل ٹائٹل سپانسرشپ ’عالمی اثر کے ساتھ کھیلوں کے ایک اہم ایونٹ کے طور پر آئی پی ایل کی حیثیت کی توثیق کرتی ہے۔‘

لاس اینجلس میں 2028 کے اولمپک کھیلوں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو پانچ نئے کھیلوں میں سے ایک کے طور پر متعارف کروایا جائے گا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ