انگلش بلے باز جو روٹ اپنے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اگلے سال ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
رواں سال کے اوائل میں راجستھان رائلز کی جانب سے آئی پی ایل میں ڈیبیو کرنے والے روٹ نے 19 دسمبر کو ہونے والی نیلامی سے قبل فرنچائزز کو ڈیڈ لائن سے ایک دن پہلے ہی دستبرداری کا بتا دیا تھا۔
رائلز نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ جو روٹ نے آئی پی ایل 2024 سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ فرینچائز نے کہا کہ ’ڈریسنگ روم آپ کی کمی محسوس کرے گا۔‘
رائلز نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ وہ روٹ کے فیصلے کا ’احترام‘ کرتے ہیں۔
رائلز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ کمارا سنگاکارا نے کہا کہ ‘روٹ نے مختصر وقت میں بھی فرنچائز اور اپنے آس پاس کے کھلاڑیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم کے بارے میں ان کی توانائی اور تجربے کی کمی محسوس کی جائے گی۔ ہم ان کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہیں اور ان کے ہر کام میں کامیابی کے خواہاں ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روٹ کو رواں سال آئی پی ایل نیلامی میں رائلز نے ایک لاکھ 21 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت پر خریدا تھا۔
انہوں نے جے پور میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف تین میچ کھیلے لیکن صرف ایک میں بیٹنگ کرتے ہوئے 10 رنز بنائے۔
روٹ سے قبل سٹوکس نے گذشتہ ہفتے اپنے ورک لوڈ اور فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے لیگ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔
آئی پی ایل دنیا کی سب سے مقبول اور منافع بخش ٹی 20 لیگ ہے۔
یہ ایک طویل اور مشکل ٹورنامنٹ ہے، جس میں کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اور تھکاوٹ کی شکایات سامنے آ سکتی ہیں۔