کرکٹ کے نئے فارمیٹ ’دا ہنڈرڈ‘ میں تین پاکستانی کھلاڑی منتخب

ٹورنامنٹ کی آٹھ ٹیموں نے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی جس میں شاہین آفریدی، محمد عامر اور شاداب خان کو مختلف ٹیموں نے چنا۔

پاکستانی کھلاڑی شاداب خان کو ’ سدرن بریو‘، محمد عامر کو ’ لندن سپرٹ‘  اور شاہین آفریدی کو  ’برمنگھم فینکس‘ نے چنا  (تصاویر: اے ایف پی)

برطانیہ میں اگلے سال کھیلے جانے والے کرکٹ کے نئے ٹورنامنٹ ’دا ہنڈرڈ‘ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی شاہین آفریدی، محمد عامر اور شاداب خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعارف کیے گئے کرکٹ کے اس نئے فارمیٹ میں میچ کی اننگز صرف سو گیندوں پر مشتمل ہوگی اور جو ٹیم سب سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوگی وہی فاتح قرار پائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دا ہنڈرڈ میں انگلینڈ کے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جبکہ ہر ٹیم کو تین غیر ملکی کھلاڑی چننے کی اجازت ہے۔ یہ سیریز 17 جولائی  سے 16 اگست 2020 تک کھیلی جائے گی اور اس میں برطانیہ کے آٹھ شہروں کی ٹیمیں کھیلیں گی جن میں برمنگھم فینکس، لندن سپرٹ، مانچسٹر اوریجنلز، ناردرن سپر چارجرز، اوول انونسیبلز، سدرن بریو، ٹرینٹ راکٹس اور ویلش فائر شامل ہیں۔

اتوار کو دا ہنڈرڈ کے لیے ڈرافٹنگ مکمل کی گئی اور ہر ٹیم کے لیے کھیلنے والے 15 کھلاڑیوں کا حتمی چناؤ ہوا۔

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستانی کھلاڑی شاداب خان کو ’سدرن بریو‘، محمد عامر کو ’لندن سپرٹ‘ اور شاہین آفریدی کو ’برمنگھم فینکس‘ نے چنا۔

ڈرافٹ کی فہرست میں دا ہنڈرڈ کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کی مختلف قیمت متعین کی گئی ہے، جس کے تحت شاہین آفریدی 60 ہزار پاؤنڈ اور شاداب خان 75 ہزار پاؤنڈ کے لیے کھیلیں گے جبکہ محمد عامر پاکستان کے مہنگے ترین کھلاڑی ہوں گے، جو ایک لاکھ پاؤنڈ کے لیے کھیلیں گے۔

اتوار کے ڈرافٹ میں افغانستان سے بھی چار کھلاڑیوں کا انتخاب ہوا جن میں راشد خان، مجیب الرحمان، قیس احمد اور محمد نبی شامل ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے دس کھلاڑی چنے گئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ