پاکستان کے سپیڈ سٹار حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کے بعد اب آسٹریلوی ٹی 20 لیگ ’بیگ بیش‘ میں بھی اپنا جادو دکھا رہے ہیں اور اپنے دوسرے ہی میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔
حارث رؤف نے رواں سیزن میں گذشتہ روز اپنا دوسرا میچ کھیلا جس میں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ حارث رؤف نے میچ کے فوراً بعد کچھ ایسا کیا جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔
کرکٹ میں عام طور پر پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے پر وہی گیند بولر اپنے پاس رکھ لیتے ہیں لیکن حارث نے ایسا نہیں بلکہ وہ گیند وہاں گراونڈ میں موجود ایک بھارتی پنجاب سے تعلق سے رکھنے والے شخص کو دے دی۔
میچ کے بعد بات کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے یہ گیند کس کو اورکیوں دی تو حارث رؤف نے بتایا کہ جب وہ میچ کے لیے میدان میں پہنچے تو اس شخص نے ان سے پوچھا کہ وہ کہاں سے ہیں۔
’جب میں نے انہیں بتایا کہ میں پاکستان سے ہوں تو وہ بھارتی شخص رو پڑا اور اس نے مجھے گلے سے لگا لیا۔‘
حارث رؤف نے بتایا کہ وہ بھی اس وقت کافی جذباتی ہو گئے تھے، ’اس لیے میں نے یہ گیند اس شخص جو دے دی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پہلے تو سوشل میڈیا صارفین حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی تعریف کر رہے تھے لیکن جب ان کی اس بھارتی شخص کو گیند دینے کی ویڈیو سامنے آئی تو انہیں مزید سراہا جانے لگا۔
ایک صارف نے لکھا: ’ہم امن چاہتے ہیں جنگ نہیں۔ حارث رؤف لوو یو برو۔‘
حارث رؤف نے پانچ وکٹیں اور گولڈن آرم کا اعزاز بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہوبارٹ ہوریکینز کے خلاف میچ میں حاصل کیا۔
اس سے قبل حارث رؤف نے بگ بیش لیگ میں اپنے پہلے ہی میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھی۔ اس میچ میں انہیں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین کی جگہ کھلایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز سے کھیلتے ہیں۔