سٹارز خود کشیاں کیوں کر رہے ہیں؟

کوریا کے پاپ گلوکار ہوں، بولی وڈ کے ابھرتے ستارے یا پھر امریکی یو ٹیوبر، 2019 میں دنیا کے کئی نوجوان سٹارز نے اپنی جان لے لی۔

کورین پاپ سٹار گو ہارا کی آخری رسومات پر ان کی تصویر پھولوں سے سجی ہے (اے ایف پی)

 کورین سٹارز سولی اور گو ہارا، بھارت کے کشال پنجابی اور پرل پنجابی، انگلش گلوکار کیتھ فلنٹ، میکسیکن راک بینڈ کے آرمانڈو ویگا گل اور امریکی یو ٹیوبر ڈیزمنڈ آموفاہ۔ دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی شوبز کی ان شخصیات میں بظاہر کوئی مماثلت نظر نہیں آتی لیکن یہ سب ایک چیز کی وجہ سے آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور وہ ہے خودکشی۔

ان سلیبرٹیز نے 2019 میں خود کشی کی اور تقریباً تمام واقعات میں اس کی وجہ ایک جیسی تھی یعنی ذہنی مسائل۔

کورین اداکار، گلوکار اور ماڈلز سولی اور گو ہارا نے  کچھ ہفتے کے وقفے سے خود کشی کی۔ کورین پاپ سین کی دو  نوجوان اموات نے  جنوبی کوریا میں ذہنی بیماریوں، سائبر بُلنگ اور سماجی مسائل کو اُجاگر کیا۔

کورین سیاست اور سماجی مسائل پر پی ایچ ڈی کرنے والی شکاگو یونیورسٹی کی جینا گبسن  کے مطابق کورین پاپ سٹارز کو ہر وقت دباؤ کا سامنا ہوتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا ہے کہ کورین معاشرے میں ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہونا اور ان کا علاج کروانا ایک عیب سمجھا جاتا ہے اور جب تک معاشرے میں اس حوالے سے حساسیت اور شعور اجاگر نہیں کیا جائے گا، اس طرح کی اموات بالخصوص نوجوان اموات کی روک تھام مشکل ہو گا۔

رواں سال اگست میں بھارت کی نسبتاً غیر معروف اداکارہ پرل پنجابی نے ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

اطلاعات ہیں کہ وہ کچھ عرصے سے بولی وڈ میں چانس حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی  تھیں اور مسلسل ناکامیوں کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ وہ ماضی میں بھی دو مرتبہ خودکشی کی کوشش کر چکی تھیں۔

اسی طرح 27 دسمبر کو  بھارتی ٹی وی اداکار کشال پنجابی  ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ  پائے گئے۔ پولیس کو 37 سالہ کشال کی پھندہ لگی لاش کے قریب ایک نوٹ بھی ملا۔ وہ بولی وڈ فلموں لشکیا، کال، سلام عشق اور دھن دھنا دھن گول میں اداکاری کر چکے تھے۔

امریکہ کے یوٹیوب سٹار ڈیزمنڈ ڈینیل آموفاہ (اتیکا) کی کہانی بھی مختلف نہیں۔ 29 سالہ اتیکا  آن لائن لائیو شوز ’نائن ٹینڈو ڈائریکٹ‘ پر اپنے ری ایکشنز کی وجہ سے یوٹیوب پر مشہور تھے، تاہم ان کے مداحوں کو یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ شدید ذہنی بیمار ہیں اور خود کشی کی متعدد بار دھمکی دے چکے ہیں۔

یوٹیوب پر اپنی ذہنی بیماری اور خود کشی کے خیالات شیئر کرنے کے بعد وہ 19 جون کو اچانک لاپتہ ہو گئے، جس کے بعد 25 جون  کو مشرقی نہر سے ان کی لاش ملی۔

عوام بالخصوص مداح سلیبریٹیز کی چکا چوند والی زندگیوں کو مثالی تصور کرتے ہیں، لیکن انہیں یہ اندازہ نہیں ہوتا کہ یہ سٹارز  اپنی پرفارمنس، سماجی حیثیت، ہر وقت بہترین نظر آنے اور پرفارم کرنے کی توقعات کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا کتنا شکار ہوتے ہیں۔

یہاں امریکہ کے سٹار اداکار روبی ویلمز اور پاپ بینڈ ’لنکن پارک‘ کے مرکزی گلوکار چیسٹر بیننگٹن کی خود کشی کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے۔ حالانکہ دونوں سٹارز ادھیڑ عمر  اور  بالترتیب 2014 اور 2017 میں دنیا سے رخصت ہوئے لیکن ان کی اچانک اموات بہت تہلکہ خیز ثابت ہوئیں۔

بیننگٹن کی بیوی نے ان کی موت کے بعد ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خود کشی سے ایک شام قبل اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہنستے کھیلتے نظر آئے لیکن اگلی صبح کمرے سے ان کی لاش ملی۔

معاشرتی دباؤ اور ہمہ وقت مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کے جتن ہر سٹار پر ایک ذہنی دباؤ ضرور ڈالتے ہیں لیکن فرق یہ ہے کہ کچھ اس دباؤ کو جھیل جاتے ہیں جبکہ کچھ اس کے آگے ہتھیار ڈال دیتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن