قومی کرکٹر سرفراز احمد نے پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور نوجوان کھلاڑیوں کو چند مفید مشورے بھی دیئے۔
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔ نو روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر 19 ٹیم 10 جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان دو مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، 2006 میں جیتا تھا، جہاں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 38 رنز سے شکست دی تھی۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے باوجود سرفراز احمد کی شاندار قیادت اور فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بھارت کو محض 71 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔
اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےتربیتی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیےمنتخب کردہ قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ سکواڈ ورلڈ کپ جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ گذشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا، دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں کامیابی کے باعث نوجوان کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شامل تھی جس کے باعث انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا۔
اس موقع پر سرفراز احمد نےکہا کہ روحیل نذیر اچھے کھلاڑی ہیں اور بطور وکٹ کیپر بیٹسمین وہ بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
32 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہےکہ انڈر 19 کرکٹ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی سکواڈ میں شمولیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہوں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سمیت بیشتر کھلاڑی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ذریعے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 ٹیم کے موجودہ سکواڈ میں بھی کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد قومی ٹیم کا حصہ بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
دو ہزار چھ میں کامیابی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈکپ یادگار تھا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف لو سکورنگ میچ میں کامیابی حاصل کرنا بڑی فتح تھی۔
سکواڈ (یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا)
اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔
مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔
وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔
آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔
سپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔
فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔
شیڈول:
19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ سکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل