بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے لندن میں اوبر میں سفر کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے ’خوف ناک ترین‘ تجربے کے بعد صارفین کو اس آن لائن ٹیکسی سروس سے متعلق خبردار کیا ہے۔
34 سالہ اداکارہ اور اپنے دور میں بالی وڈ کے سپر سٹار انیل کپور کی بیٹی نے ٹوئٹر پر کہا کہ لندن میں سفر کے دوران اوبر گاڑی کے ڈرائیور کی حالت بظاہر غیرمستحکم تھی جو مستقل چیخ چِلا رہا تھا۔
ٹوئٹر پر ایک کروڑ 28 لاکھ فالوورز رکھنے والی سونم کپور نے لکھا: ’میں اس (سفر) کے اختتام تک (خوف سے) کانپ رہی تھی۔‘
Hey guys I’ve had the scariest experience with @Uber london. Please please be careful. The best and safest is just to use the local public transportation or cabs. I’m super shaken.
— Sonam K Ahuja (@sonamakapoor) January 15, 2020
انھوں نے اوبر کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا: ’میں نے آپ کی ایپ پر اس کی شکایت رپورٹ کرنے کی کوشش کی لیکن ہر بار بوٹس کے ذریعے متعدد منقطع جوابات ہی موصول ہوئے۔ آپ کو اپنا سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جو نقصان ہونا تھا ہو گیا۔ اب آپ اس بارے میں مزید کچھ نہیں کر سکتے۔‘
انھوں نے صارفین کو مشورہ دیا: ’سب سے اچھا اور محفوظ حل یہ ہے کہ آپ پبلک ٹرانسپورٹ یا پرائیوٹ کیب استعمال کریں۔‘
اوبر کے بھارت میں نمائندے کا کہنا تھا کہ کمپنی اس واقعے کے بارے میں فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرسکتی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سونم کو لندن میں صرف اوبر نے ہی پریشان نہیں کیا بلکہ وہ برٹش ایئرویز کے خلاف رواں مہینے دوسری بار اپنا سامان گم کرنے کی شکایت کر چکی ہیں۔
آن لائن کیب سروس اوبر اپنے مسافروں کی حفاظت کے ریکارڈ کو لے کر عالمی سطح پر تنقید کی زد میں ہے۔
اوبر کا لندن کے لیے لائسنس اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب برطانوی ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ کمپنی بڑے پیمانے پر حفاظتی معاملات کو طے کرنے میں ناکام رہی ہے، جن میں 14 ہزار ایسے واقعات بھی شامل تھے جب ڈرائیورز نے اپنے پرمٹس غیر لائسنس یافتہ عزیز و اقارب کو دے دیے۔ اوبر زیر التوا اپیل کی بنیاد پر لندن میں اپںا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
2017 میں بھارت میں ایک اوبر ڈرائیور کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ایک خاتون نے امریکہ میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انھوں نے کمپنی پر ان کی پرائیویسی پر حملہ کرنے اور ان کے کردار کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔
گذشتہ ماہ اوبر نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق کمپنی نے پچھلے چند سالوں میں امریکہ (جو کمپنی کی سب سے بڑی مارکیٹ بھی ہے) میں تقریباً چھ ہزار جنسی حملوں کی تحقیقات کی ہیں۔ اس میں ریپ کے 450 سے زیادہ واقعات بھی شامل ہیں۔
فرانس میں اوبر ڈرائیوروں کی جانب سے جنسی حملوں کے خلاف آن لائن مہم سے کمپنی شدید دباؤ میں ہے۔