سکاٹ لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے کے بعد قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بدھ کو زمبابوے کے مدمقابل آئے گی۔
زمبابوے کے خلاف جیت سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔
قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف 76 رنز کا ہدف محض 12ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔ دوسری جانب زمبابوے انڈر 19 ٹیم کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میچ میں بنگلہ دیش نے زمباوے ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نو وکٹوں سے ہرایا تھا۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری پول میچ 24 جنوری بروز جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ اسی روز دونوں ممالک کی سینیئر ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
اس سے قبل 13 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم ایونٹ کے تمام ایڈیشنز کے سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کر چکی ہے۔ قومی ٹیم پانچ مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے، جس میں دو مرتبہ قسمت کی دیوی پاکستان پر مہربان رہی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قومی ٹیم کے فاسٹ بالر وسیم جونیئر نے اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے میچ کے دوران 7.5 اوورز میں 12 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ سکاٹ لینڈ کے خلاف اس میچ میں طاہر حسین نے تین اور عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نوجوان بلے باز محمد حارث سکاٹ لینڈ کے خلاف فائنل الیون کا حصہ تو تھے مگر کم سکور کے باعث میچ میں انہیں بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔
محمد حارث کا کہنا ہے کہ انڈر 19 کرکٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کوئی بھی نوجوان کرکٹر قومی سکواڈ میں جگہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے جو بٹلر ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں اور وہ ان کی طرح مڈل آرڈر میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے خواہش مند ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد حارث نے کہا کہ انہوں نے نو سال کی عمر میں گلی کرکٹ کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز سال 2015 میں کیا۔
نوجوان سپنر آرش علی خان سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں فائنل الیون کا حصہ نہیں تھے مگر وہ موقع ملنے پر ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔
شیڈول:
22 جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24 جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9 فروری 2020: فائنل