پاکستان نے جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان نے بدھ کو مڈل آرڈر بلے باز محمد حارث کی جنہیں پیار سے گوگل کہا جاتا ہے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کو 38 رنز سے شکست دی، جو ایونٹ میں اس کی مسلسل دوسری کامیابی ہے۔
گروپ سی کے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے 47ویں اوور میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 48 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلنے پر پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز محمد حارث کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پوچیف سٹروم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو محض 27 رنز پر پاکستان کے اوپنر حیدر علی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انھوں نے 19 رنز بنائے، جس کے بعد فہد منیر اور محمد شہزاد کے درمیان 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی مگر پھر ٹیم کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرگئیں۔
اوپنر محمد شہزاد 27 اور کپتان روحیل نذیر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد فہد اور قاسم اکرم نے اننگز سنبھالی اور دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔
قاسم 54 اور فہد 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے سب سے اہم اننگز مڈل آرڈر بیٹسمین حارث نے کھیلی۔ پیار سے ’گوگل‘ کہلائے جانے والے حارث نے 48 گیندوں پر 81 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 300 کے پاس پہنچا دیا۔
ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ زمبابوے کی جانب سے ڈائیلان گرانٹ نے 46 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز متاثر کن رہا۔ ابتدائی 38 اوورز میں 208 رنز بنانے والی زمبابوے ٹیم کے محض چار کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے تھے تاہم قومی ٹیم کے میڈیم پیسر محمد عباس آفریدی نے 39 ویں اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
زمبابوے کے ملٹن شومبا اور ویسلے مادھیویرے نصف سنچریاں سکور کرکے نمایاں بلے باز رہے۔ ملٹن کو 58 رنز پر عباس آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اوپنر ویسلے53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ڈائن مائیرز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انھیں سپنر قاسم نے آؤٹ کیا۔
زمبابوے کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے عباس اور طاہر حسین تین، تین جبکہ قاسم اور عامر علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اپنا تیسرا گروپ میچ 24 جنوری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔