پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے جمعے کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی سال 2019 کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے ’غیر شفاف‘ اور ’وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش‘ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ یہ رپورٹ عوام کو گمراہ کرنے کی منظم سازش ہے۔
یاد رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے جمعرات کو جاری اپنی تازہ رپورٹ میں کہا تھا کہ گذشتہ سال کے دوران پاکستان میں کرپشن میں اضافہ دکھایا گیا۔
رپورٹ میں درج حقائق کے برعکس ادارے کے پاکستان چیپٹر نے جمعرات ہی کو ایک بیان جاری کیا، جس میں جرمنی کے شہر برلن سے جاری ہونے والی رپورٹ کی وضاحت دی گئی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے بیان کے مطابق پاکستان کا قومی احتساب بیورو (نیب) ملک میں کرپشن کے خلاف بہتر اقدامات کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے، تاہم گذشتہ سال کے دوران دنیا بھر کے بہت سارے ملکوں میں کرپشن میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن تیسرے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت میں چوتھے نمبر پر رہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ رپورٹ میں جنرل (ر) پرویز مشرف اور تحریک انصاف کے ادوار میں کرپشن سب سے زیادہ دکھائی گئی ہے۔ ’اس سے واضح طور پر لگتا ہے کہ رپورٹ فری اور فیئر نہیں۔ ایسی غیر شفاف رپورٹ کو کون قبول کرے گا؟‘
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پر شدید تنقید کی اور اس عالمی ادارے پر جانب داری کا الزام لگاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ن لیگ کے دور میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ کو نوازا گیا اور انھیں پاکستان کا سفیر بنا کر بھیجا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا گٹھ جوڑ دنیا کے سامنے آنا چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ دنیا کو پاکستان میں موجودہ تحریک انصاف حکومت کے کرپشن کے خلاف اقدامات سے گمراہ نہیں کر سکتی۔
فردوس عاشق اعوان نے رپورٹ پر غیر شفافیت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
جب ان سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے بیان سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے کہا نیب ہو یا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کسی بھی ادارے کو سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا: ’عالمی ادارے کے پاکستان چیپٹر کا بیان ثابت کرتا ہے کہ نیب ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بہتر کام کر رہا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سالوں کے دوران نیب نے سب سے زیادہ ریکوری تحریک انصاف کی ڈیڑھ سالہ حکومت کے دوران کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔