پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش ٹیم کو شکست دے کر سیریز جیت لی۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ سیریز میں پاکستانی ٹیم کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے۔
مہمان ٹیم بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا مگر محمد نعیم کوئی سکور نہ بناسکے اور بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انہیں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
بنگال ٹائیگرز کی دوسری وکٹ 22 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مہدی حسن 9 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تمیم اقبال اور لٹن داس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 21 رنز بنائے، مگر لٹن داس بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور آٹھ رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز عفیف حسین تھے جو محمد حسنین کا شکار بنے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے دو، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، بابر اعظم اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان بیٹسمین احسان علی سات گیندیں کھیلنے کے بعد صفر پر شفیع الاسلام کی گیند پر بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اچھی اننگز کھیلی، حفیظ نے 39 گیندوں پر ففٹی بنائی جبکہ کپتان نے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستانی ٹیم نے ہدف 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم 66جبکہ محمد حفیظ نے 67رنز بنائے۔ مہمان باؤلر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
سیریز کے پہلے میچ میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ میچ کی خاص بات بیٹسمین شعیب ملک کی ففٹی تھی۔