سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر عمرے کے لیے مکہ آنے والوں کو ویزا کا اجرا عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا: ’حکومت عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والوں کو ویزا کا اجرا عارضی طور پر بند کر رہی ہے۔‘
واضح رہے کہ اسلام میں عمرہ سال میں کبھی بھی ادا کیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے ہر ماہ دنیا بھر سے ہزاروں مسلمان مکہ جاتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا: ’اُن ممالک سے آنے والے سیاحوں کو بھی ویزا نہیں دیے جا رہے جہاں نئے وائرس ایک خطرہ ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اگرچہ چین، جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا وہاں تازہ کیسز میں کمی آئی ہے، تاہم ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے کچھ حصوں میں یہ وائرس اچانک تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔
ایران چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک 15 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے، جبکہ خلیجی ریاستوں کویت اور بحرین نے بھی رواں ہفتے مزید کیسز سامنے آنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی دو افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کا اعلان محکمہِ صحت نے 26 فروری کی شام کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔