ساہیوال کے فرینڈز تھیٹر میں جاری ڈرامے ہیر رانجھا کے دوران گذشتہ رات سٹیج ایکٹرس روپ چوہدری کو ان کے شوہر ہاشم نے گولیاں مار کر قتل کردیا جب کہ اس کے فوری بعد ہاشم نے خود کو بھی گولی مار کر وہیں خودکشی کر لی۔
ریسکیو 1122 ساہیوال کے اہلکارمحمد نصراللہ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’روپ چوہدری کا اصل نام سمیرا تھا اور سٹیج کی دنیا میں انہیں روپ چوہدری کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ان کا تعلق بہاولپور سے تھا۔ جب ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو روپ کے شوہر بھی ہلاک ہو چکے تھے۔ روپ کو ہم نے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔ روپ کے سر میں گولی ماری گئی تھی۔‘
روپ چوہدری کے قتل کی ایف آئی آر تھانہ غلہ منڈی ساہیوال میں ان کی بہن کومل نے درج کروائی ہے۔ کومل نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہمارا شو چل رہا تھا اور ہاشم آئے ہیں اور ان کی سمیرا (روپ) سے لڑائی شروع ہو گئی۔ شوختم ہونے پر ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں سے پستول لائے یا ان کے پاس ہی تھا اور روپ پر گولیاں چلا دیں۔ ایک گولی روپ کے سر میں لگی جب کہ اس کے بعد ہاشم نے خود کو بھی گولی مار لی۔‘
کومل کہتی ہیں ’ہم نہیں جانتے کہ ان کا جھگڑا کس بات پر تھا کیوں کہ روپ نے کبھی ذکر نہیں کیا۔‘ کومل نے بتایا کہ ’روپ کی شادی پانچ برس پہلے ہاشم کے ساتھ ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جن میں دو سال کی بیٹی اور آٹھ ماہ کا بیٹا شامل ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کومل کہتی ہیں کہ ’جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ ہاشم روپ سے کام نہیں کروانا چاہتے تھے تو اس بارے میں میں نہیں جانتی کہ شاید انہوں نے اپنا ذہن تبدیل کیا ہو کیوں کہ سٹیج پر کام کرنے کی اجازت ہاشم نے ہی روپ کو دی تھی۔‘
ڈی ایس پی ساہیوال پولیس ملک داؤد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’روپ چوہدری کا قتل ایک کلوزڈ کیس ہے، اس میں مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ یہ میاں بیوی کے بیچ کا جھگڑا تھا جس میں شوہر نے بیوی کو مار کر خود کشی کر لی، تفتیش کس سے کریں؟‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہاشم کی روپ سے دوسری شادی تھی اور وہ چاہتے تھے کہ روپ سٹیج پر کام چھوڑ کر گھر باراور بچے سنبھالیں مگر روپ ان کی بات سے متفق نہیں تھیں جس کی وجہ سے ان کے جھگڑے چلتے رہتے تھے مگر گذشتہ رات ہاشم نے یہ سارا قصہ ہی ختم کر دیا۔‘
فرینڈز تھیٹر ساہیوال میں اداکارہ روپ، کومل اور اداکارہ فرح، تینوں بہنیں ایک ساتھ سٹیج پہ اداکاری کیا کرتی تھیں۔