'کرونا بھاگ جاؤ ادھر سے'

اپنے بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں سوچنا والدین کا کام ہے، خاص طور پر اس وقت جب آپ صرف گھر تک محدود رہ گئے ہوں۔

کرونا (کورونا) وائرس سے کیسے بچنا ہے؟ یہ بتانے والے ننھے منے حسین عباس بخاری چار برس کے ہیں۔

وائرس جس رفتار سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اس کا خوف میرے دل و دماغ پر ایسے چھا چکا ہے کہ نہ پوچھیں اور سب سے زیادہ ڈر مجھے اپنے بیٹے کو لے کر ہے۔

میں نے خود کو تو احتیاطی تدابیر کا عادی بنا لیا مگر حسین اور ان جیسے چھوٹے بچوں کو سمجھانا بڑا مشکل کام ہے۔ یہ بچے کھیلتے کودتے ہر شے کو ہاتھ بھی لگاتے ہیں اور اپنے کھلونوں کو منہ میں ڈال لینا تو ایک ایسی عادت ہے کہ آپ جو مرضی کر لیں یہ بچے نظر بچا کر ہر کھلونے کو منہ میں ضرور ڈالتے ہیں۔

اس صورتحال میں میرا خوف بجا تھا۔ ایک ماں کی حیثیت سے یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے بچے کو ہر لحاظ سے محفوظ رکھوں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حسین کو سکھانا پڑا کہ انہوں نے خود کو کیسے وائرس سے بچانا ہے۔ انہیں بتایا اور بار بار بتایا، روکا، ٹوکا، زبردستی بھی کی اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ اب حسین کو کرونا سے بچاؤ کی ساری تدابیر ازبر ہو چکی ہیں۔

وہ سمجھ چکے ہیں کہ وہ اس وقت گھر کے اندر قرنطینہ میں ہیں اور انہیں خود کو کس طرح محفوظ اور مصروف رکھنا ہے۔ حسین پڑھائی کے علاوہ تصاویر میں رنگ بھرتے ہیں اور موسیقی کا شوق انہیں ابھی سے ہے، اسی لیے تو اپنی گٹار پر انہوں نے کرونا کے خلاف ایک گانا بھی بنا لیا۔

وہ ماما کے ساتھ کچن میں مدد بھی کرواتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ اس کے بعد ماما کو واقعی مدد کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔ کچن کو صاف کرنے کے لیے مگر کوئی بات نہیں بچے کا شوق پورا ہو جاتا ہے۔

اپنے بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں سوچنا والدین کا کام ہے، خاص طور پر اس وقت جب آپ صرف گھر تک محدود رہ گئے ہوں۔

جہاں تک 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونے کا تعلق ہے تو جناب ہمارے گھر میں یہ 20 سیکنڈ ہر 10 منٹ کے بعد یا اس سے پہلے آجاتے ہیں کیونکہ پانی سے کھیلنا ہر بچے کی کمزوری ہے اور ہاتھ دھو کر اپنا چسکا پورا کرنے کا اس سے اچھا بہانہ ہو نہیں سکتا۔ بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بتانے اور سمجھانے کے بعد والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں سے ان پر عمل بھی کروائیں تاکہ وہ ہر لحاظ سے محفوظ رہ سکیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا