پاکستان 5لاکھ کلوروکوئین ٹیبلٹ اٹلی کو عطیہ کرے گا۔ کلوروکوئین کی دستیابی پاک فوج کے زریعے عمل میں لائی گئی ہے۔
اٹلی کی حکومت کے جاری شدہ اعلامیے کے مطابق کچھ روز قبل پاکستان میں اٹلی کے سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے بعد اس پیش رفت کے حوالے سے تصدیق کی ہے۔
اٹلی کو ادویات عطیہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اٹلی کے سفیر کے درمیان ملاقات میں کیا گیا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اٹلی سفارت خانے کا دورہ کیا اور کرونا وائرس کے حوالے سے اٹلی کی صورتحال پر اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونے کا یقین دلایا۔
اٹلی وزارت خارجہ نے کرونا وائرس کے خلاف استعمال ہونے والی ادویات میں پاکستانی کی شراکت کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ کلوروکوئین نامی دوا ملیریا کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا سے لڑنے والی دوا کلوروکوئین کا استعمال ہوگا۔ جس کے بعد دنیا بھر میں اس دوا کی مانگ میں اضافہ ہوا تھا اور کرونا وائرس کے مریضوں پر اس دوا کا خاطر خواہ اثر بھی نظر آیا۔
وزیرصحت ڈاکٹر مرزا نے پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ کرونا وائرس کے علاج اور بچاؤ کے سلسلے میں کلوروکوئین نامی دوا کے مبینہ استعمال پر پاکستان میں ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر فروخت پر پابندی لگا دی گئی۔ جبکہ حکومت کے پاس کلوروکوئین دوا کا وافر مقدار میں ذخیرہ موجود ہے تاکہ بوقت ضرورت کرونا مریضوں کے لیے استعمال ہو سکے۔