سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے چرچے ہیں، جس میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو ایک یوٹیوب بلاگر ’ری ایکشن کڑی‘ کے ساتھ بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے آغاز میں بظاہر بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک یوٹیوب بلاگر اپنے سبسکرائبرز سے مخاطب ہیں۔ جو کہتی نظر آتی ہیں کہ تھوڑی دیر میں انہیں مولانا طارق جمیل کی جانب سے ایک کال موصول ہونے والی ہے اور پھر چند ہی لمحوں میں مولانا طارق جمیل کو سکرین پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ’ری ایکشن کڑی‘ مولانا کو یہ بتا رہی ہیں کہ جب ان کی ٹیم کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا تو انہیں یقین نہیں آیا کہ مولانا طارق جمیل ان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جس کے جواب میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ 'میں نے ایک بار یوٹیوب پر آپ کی ویڈیو دیکھی جس میں آپ رو رہی تھیں تو میں نے اپنی ٹیم سے آپ کے بارے میں معلوم کرنے کو کہا۔'
گفتگو میں مولانا ری ایکشن کڑی کو بیٹی کہہ کر مخاطب کرتے رہے۔
’ری ایکشن کڑی‘ مولانا طارق جمیل کو بتاتی ہیں کہ وہ پہلے مختلف اقسام کی ویڈیوز پر ری ایکشن یا ردعمل دیتی تھیں لیکن مولانا کی تقاریر سننے کے بعد اب وہ صرف مذہبی نوعیت کی ویڈیوز پر ری ایکشن دیتی ہیں اور انہوں نے حجاب لینا بھی شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی وہ پاکستان آنا چاہتی ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ان کی مادری زبان بنگالی ہے جس پر مولانا نے ان کے ساتھ بنگالی زبان میں بھی بات کی۔
مولانا طارق جمیل عالمی شہرت یافتہ خطیب ہیں۔ اس سے قبل وہ بولی وڈ سٹار عامر خان سمیت پاکستان کی مشہور شخصیات جن میں جنید جمشید، وینا ملک، فلم سٹار نرگس اور فیروز خان سمیت باقی شخصیات کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز میں سامنے آتے رہے ہیں۔
مولانا کے مطابق ان کی مذکورہ شخصیات کے ساتھ ہونے والے ملاقاتیں دعوت تبلیغ کا حصہ تھیں۔
مولانا صاحب سے گفتگو میں 'ری ایکشن کڑی' کی مسرت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ تاہم ابھی یہ معلوم نہیں کہ مولانا اس طرح اکثر لوگوں کو کال کرکے بات کرتے ہیں یا یہ ایک منفرد کال تھی۔