کرونا لاک ڈاؤن میں کرنے کے دس مفید کام

لاک ڈاؤن کے دنوں میں بیزاری اور اکتاہٹ سے بچنے کے لیے دس مشورے جن سے آپ کا نہ صرف وقت اچھا گزرے گا بلکہ آپ پیسے بھی کما سکتے ہیں۔

(اے ایف پی)

کرونا کی دہشت نے لوگوں کو گھروں میں محصور رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں یقینا اس وبا کے منفی اثرات پائے جاتے ہیں، لیکن آپ لاک ڈاؤن کے اس موقع سے کامیابی، ترقی، خوشحالی، ذہنی سکون اور آمدن کا ایسا راستہ بھی نکال سکتے ہیں، جو شاید آپ اپنی عمومی زندگی میں کرونا کے بغیر کبھی نہ نکال پاتے۔

اس تحریر میں آپ ایسے ہی دس آئیڈیاز کے بارے میں جان پائیں گے۔

آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سطح پر کرونا کے مزید منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ کرونا کے بعد کا زمانہ معاشی اور معاشرتی طور پر شاید پہلے جیسا نہ ہو، بلکہ آنے والا دور زیادہ کٹھن اور مشکل ہو گا۔ اس لیے لاک ڈاؤن کے ان دنوں میں سب سے پہلے آپ آنے والے دنوں کی منصوبہ بندی ضرور کریں۔ آنے والے دور میں ظاہری اور نادیدہ خدشات اور اثرات کو سامنے رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری کرلیں کہ آپ کیا کریں گے۔ منصوبہ بندی کر لیں کہ جو کچھ آپ کرنا چاہتے ہیں وہ کیسے کر پائیں گے۔ یوں ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے ایک قابل عمل اور موثر حکمت عملی بھی تیار کرلیں۔

زندگی اس قدر مصروف ہو چکی ہے کہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب دن شروع ہوتا ہے اور کب سورج افق کے پار اتر جاتا ہے۔ دنیا کی اس گہماگہمی میں انسان کو اپنے لیے وقت ہی نہیں ملتا، لیکن لاک ڈاؤن کے اس عرصہ میں اب آپ کو اپنے لیے بھی وقت مل رہا ہے، اس وقت آپ اپنے بارے میں سوچ سکتے ہیں، آپ اپنے ماضی پر نظر دوڑا کر اپنی کامیابی اور ترقی کے راستے میں آنے والی اب تک کی رکاوٹوں کا نہ صرف جائزہ لے سکتے ہیں بلکہ ان رکاوٹوں کے خاتمے کی تدبیر بھی کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کہتے ہیں کہ اچھے دوست خدا کی خاص نعمت ہوتے ہیں، تو کرونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن سے پریشان نہ ہوں اور فیس بک اور ٹوئٹر جیسی سماجی رابطے کی ویب سائیٹس کا بہترین استعمال کریں۔ سوشل میڈیا پر محض پوسٹیں دیکھ دیکھ کر وقت ضائع کرنے کی بجائے اچھے دوست تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ اچھے دوست تلاش کرنے کا آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے پسند کے شعبے سے متعلق لوگوں کی آئی ڈیز کے پروفائل چیک کریں۔ جس کا پروفائل اچھا محسوس ہو، اس کی پوسٹیں لائیک کر کے، کمنٹ کر کے اور شیئر کر کے اس سے رابطے بڑھانے کی کوشش کریں۔ آپ نے ان دنوں میں اگرچار پانچ اچھے دوست بھی تلاش کر لیے تو آپ کی زندگی کامیابی کی ڈگر پر چل نکلے گی۔

لاک ڈاؤن کے باوجود سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ انسان کو مجبورا جسمانی اور سماجی دوری کا سامنا تو کرنا پڑ رہا ہے لیکن انٹرنیٹ اب بھی چل رہا ہے، اس لیے آپ اس سماجی دوری کو مکمل سماجی دوری قرار نہیں دے سکتے۔ انٹرنیٹ کی موجودگی میں گھر میں فارغ نہ بیٹھیں، بلکہ اس موقعے کا فائدہ اٹھائیں اور انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے کچھ ایسا کرنے کی کوشش کریں، جو آپ نے ابھی تک نہ کیا ہو۔ مثال کے طور پر آپ کوئی نئی زبان سیکھ سکتے ہیں، بالخصوص ایسی کوئی بھی زبان جو آئندہ عملی زندگی میں آپ کی مددگار ثابت ہو سکتی ہو، یہ زبان انگلش بھی ہو سکتی ہے، چینی زبان بھی ہو سکتی ہے، اسی طرح فرانسیسی، کورین، جاپانی، عربی یا کوئی بھی ایسی زبان سیکھنے کے لیے وقت ضرور نکالیں، جو آپ کے کاروبار یا جاب میں مددگار ثابت ہو سکتی ہو۔

زندگی میں کامیابی کے لیے کتابوں کا مطالعہ بہت ضروری ہوتا ہے، دنیا کے تمام کامیاب افراد دن میں کچھ اور کریں یا نہ کریں، لیکن وہ روزانہ کسی نہ کسی کتاب کا مطالعہ ضرور کرتے ہیں، چاہے ان کے مطالعے میں کسی کتاب کے چند اوراق ہی کیوں نہ ہوں، کرونا کے اس لاک ڈاؤن میں قدرت نے آپ کو کتابیں پڑھنے کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے، آپ اپنے ذوق اور ضرورت کے مطابق جیسی چاہیں کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔ آپ مذہب، عمومی معلومات، صحت، بزنس، تاریخ اور ادب سے متعلق کتابوں کی ایک فہرست بنا کر آن لائن ان کا مطالعہ شروع کر دیں۔

جب علم کا خزانہ آپ کے ذہن کی تجوری میں بھرنا شروع ہوگا تو آپ کو محسوس ہی نہیں ہوگا کہ کب یہ وقت گزر جائے گا، اسی دوران اگر آپ میں کتب بینی کا ذوق بڑھ گیا تو آپ کو یہ وقت کم لگنا شروع ہو جائے گا، لیکن بہتر ہو گا کہ آپ ایسی کتابیں پڑھیں جو آپ کے کاروبار، جاب یا پیشے سے متعلق ہوں۔ بالخصوص ایسی کتابیں پڑھیں، جن سے آپ کی معلومات، صلاحیت اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ ہو سکے۔ انٹرنیٹ پر آپ کو ہر موضوع پر اور ہر زبان میں ایسی ہزاروں کتابیں مل جائیں گی۔

آج کے دور میں صاف ستھری سبزیوں کا ملنا بھی بڑا محال ہے، آپ لاک ڈاؤن کے یہ ایام اپنے گھر میں سبزیاں اگا کر بھی وقت کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے صحن میں کچی زمین موجود ہو تو کچن گارڈننگ کے لیے اس زمین کو ضرور استعمال کریں۔

بالفرض اگر صحن میں کچی زمین نہ ہو، یا چھوٹا گھر ہونے کی وجہ سے صحن ہی نہ ہو تو پھر آپ یہ کام گھر کی چھت یا بالکینیوں پر بھی کر سکتے ہیں۔ کچن گارڈننگ گملوں میں بھی کی جا سکتی ہے اور اس مقصد کے لیے گھر کے کاٹھ کباڑ میں پڑی پرانی بوتلیں اور ٹین ڈبے وغیرہ بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ دھنیا، پودینہ، لہسن، پیاز، ٹماٹر اور سبز مرچ وغیرہ کچن کے عام استعمال کے ایسے اجزا ہیں، جو پہلے مرحلے میں آپ بڑی آسانی اور سہولت کے ساتھ اگا سکتے ہیں اور پھر جب آپ کو اس ’مائیکرو‘ کاشتکاری میں کامیابی حاصل ہو جائے تو پھر دیگر سبزیاں اگانے کی جانب ضرور جائیں۔

ایک بار جب آپ کچن گارڈننگ میں کامیاب ہو جائیں اور اگر آپ ان دنوں یہ کام شروع کردیں تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ انشاء اللہ اس کام میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے تو پھر اپنے گھر میں اگائی ہوئی سبزیاں آپ دوسرے لوگوں کو بیچنے کا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ آرگیننگ سبزیاں بازار میں عام سبزیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہوتی ہیں تو پھر آپ کو کس بات کا انتظار ہے؟ ارادہ باندھیں اور اس آئیڈیے پر عملی طور پر شروع ہو جائیں۔

اگر آپ فوری طور پر کوئی کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تو ایک مفید اور منافع بخش کاروبار آپ اس لاک ڈاؤن کے وقت بھی کر سکتے ہیں، اور اس پر کوئی پابندی بھی نہیں ہے۔ یہ کاروبار ہوم بیسڈ کوکنگ کا کاروبار ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ کھانا پینا تو کسی بھی حالت میں نہیں رکتا۔ اس لیے اگر آپ کھانا پکانا جانتے ہیں تو پھر گھر کا پکا ہوا کھانا دوسرے گھروں میں سپلائی کرنے کا کام شروع کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ آپ یوٹیوب جیسے ویڈیو پلیٹ فارمز سے مزے مزے کے کھانے بنانے کی تراکیب سیکھ سکتے ہیں بلکہ وہ کھانے تیار کر کے دوسروں کو بھی فراہم کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی ڈھیروں پیسے کما سکتے ہیں۔

آپ نے آن لائن بزنس کے بارے میں تو سن ہی رکھا ہو گا۔ اگر آپ اس کے بارے میں بہت زیادہ نہیں جانتے تو اب وقت ہے کہ اس کے بارے میں جاننے کی کوشش ضرور کریں۔ یاد رکھیں کہ دنیا کسی بھی وجہ سے بند (لاک ڈاؤن) ہو جائے تو بھی آن لائن بزنس بند نہیں ہوتا۔ تو یہی وقت ہے کہ آن لائن کاروبار کے بارے ضرور سیکھیں تاکہ جیسے ہی لاک ڈاؤن ختم ہو تو آپ ایک ایسے کاروبار کی جانب جا سکیں جو دنیا کا مستقبل ہے۔

بیزاری اور اکتاہٹ سے بچنے کا ایک طریقہ تو یہ بھی ہے کہ اپنے وقت کو مفید بنائیں۔ ان دنوں کوئی نہ کوئی ہنر سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش لازمی کریں۔ اس سلسلے میں انٹرنیٹ پر کوئی شارٹ یا مائیکرو کورس ضرور کرلیں۔ بالخصوص کاروبار سے متعلق کورسز ضرور کریں۔ کاروبار کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ کاروبار کیوں ناکام ہوتے ہیں اور کاروبار کیسے کامیاب بنائے جا سکتے ہیں، یہ آپ ان مائیکرو کورسز کی مدد سے بڑی آسانی سے سیکھ سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ