سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں آبادی پر گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے اب تک 23 کی شناخت ہو چکی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شناخت کی جانے والی لاشوں میں سے 19 کو لواحیقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کراچی طیارہ حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے کیے جانے والے ڈی این اے ٹیسٹس کی رپورٹس 21 دن میں آجائیں گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 47 لواحقین کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کیے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق طیارہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے دو مسافر اور متاثرہ گھروں کے چار رہائشی زیر علاج ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے پوری کوشش کی کہ نقصان کو کم سے کم ہو۔ ’پائلٹ نے تنگ گلی میں جہاز کو اتارنے کی کوشش کی۔‘
کراچی میں جمعے کی دوپہر ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے کچھ لمحے پہلے گنجان آبادی پر گرنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ہوائی جہاز کے واقعے میں 97 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
صوبہ سندھ کی وزارت صحت نے ہفتے کو 97 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جن میں سے 19 کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ اس حادثے میں دو مسافر محفوظ رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تحقیقاتی کمیٹی قائم
تحقیقات کے حوالے غلام سرور کا کہنا ہے کہ ائیر فورس کے چار تجربہ کار افسران کمیٹی میں شامل ہیں جو اس حادثے کی انکوائری کریں گے اور تمام حقائق جلد سے جلد پارلیمنٹ کے سامنے لائے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ تین مہینے میں سامنے آجائے گی۔
ان کے مطابق ایئربس کے کمپنی ماہرین بھی اس حادثے انکوائری کر رہے ہیں۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری کوتاہی ثابت ہوئی تو فوراً استعفی دے کر خود کو کارروائی کے لیے پیش کریں گے۔
سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں اور انویسٹی گیشن کیلئے مجھ سے جو دستاویز مانگی جائیں گی و ہ دینے کا پابند ہوں۔ جسے بھی ذمے دار ٹھہرایا گیا انویسٹی گیشن کیلئے پیش کروں گا۔
لاشوں کی شناخت کے حوالے سے ارشد ملک کا کہنا تھا کہ کراچی یونیورسٹی میں لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ ہوں گے۔
معجزاتی طور پر زندہ بچ جانے والوں میں بینک آف پنجاب کے سی ای او ظفر مسعود اور محمد زبیر شامل ہیں جو بالترتیب دارالصحت اور سول ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
ہوابازی کے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ طیارے کے مکانات پر اترنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا اور تمام متاثرہ گھروں کی مرمت کا خرچہ حکومت اٹھائے گی جبکہ حادثے میں جلنے والی گاڑیوں کے لیے بھی حکومت مدد فراہم کرے گی۔
غلام سرور خان نے اعلان کیا کہ ہلاک شدگان مسافروں کے اہل خانہ کو دس لاکھ اور زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
میتوں کی شناخت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹنگ کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔
جہاز تکنیکی طور پر بالکل محفوظ تھا: سی ای او پی آئی اے
پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے جمعے کو کہا کہ طیارہ حادثے کی مکمل انکوائری ہوگی اور اس کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران حادثے کی تفصیلات بتائیں کہ جہاز تکنیکی طور پر بالکل درست اور محفوط تھا اور اس میں 99 افراد سوار تھے۔
ارشد ملک کے مطابق، 'جہاز کے پائلٹ نے لینڈنگ کے لیے پوزیشن لی اور کنٹرول روم کو رپورٹ کیا اورانہیں لینڈنگ کے لیے اوکے کا سگنل دیا گیا۔ تاہم پھر پائلٹ نے کہا کہ وہ دوسری اپروچ کے لیے خود کو سٹیبلش کر رہے ہیں اور اس دوران کچھ ہوا، جس کے باعث یہ حادثہ ہوا اور اس کی تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا۔'
انہوں نے بتایا کہ سارے آپریشن میں دو سے تین لگیں گے، ہماری ٹیمیں سول اور جناح ہسپتال میں موجود ہیں، جو ایک ایک شخص کا ٹریک رکھیں گی۔
ارشد ملک نے مزید بتایا کہ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ حادثے کی تحقیقات کرے گا اور پی آئی اے اس انکوائری میں شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ایئربس طیاروں کی سیفٹی چیکنگ ان کی مینوفیکچرنگ کمپنی کرتی ہے۔