دبئی میں بدھ سے جم، سینیما اور دیگر کاروبار کھولنے کی اجازت

کاروبار کو صبح چھ سے رات گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عائد کردہ پابندیوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

ایک ہوٹل سے دبئی کے برج العرب کا منظر (اے ایف پی)

دبئی نے بدھ 27 مئی سے جِم، سینیما گھر اور دوسری کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق کاروبار کو صبح چھ سے رات گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں کرونا (کورونا) وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عائد کردہ پابندیوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا یہ اعلان دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کے زیر صدارت سپریم کمیٹی برائے بحران اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ورچوئل اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔

اجلاس میں متحدہ عرب امارت میں کرونا وائرس کی وبا کے بعد صحت، اقتصادی اور سماجی صورت حال کے بارے میں غور کیا گیا۔

کمیٹی نے سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر پر کوئی سمجھوتا کیے بغیر کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر تمام افراد چہروں پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے اور عوامی مقامات پر لوگ ایک دوسرے سے کم سے کم دو میٹر کا فاصلہ لازمی برقرار رکھیں گے۔

جن کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان میں تھوک اور پرچون کی دکانیں، تعلیمی اور تربیتی ادارے، بچوں کے تربیتی مراکز، کھیلوں کی اکیڈمیاں، اندرون خانہ جِم، فٹنس کلب، سینیما گھر اور مختلف تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

'العربیہ' کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے تعلق سے عائد کردہ بعض سخت پابندیوں میں نرمی کی ہے۔ قبل ازیں قومی تطہیر پروگرام کے تحت امارت میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ تھا۔

اسی ماہ کے اوائل میں دبئی نے پانچ یا اس سے کم افراد کو ہوٹل بیچز پر جانے اور کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ ریستورانوں اور دکانوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کھول دیا گیا تھا لیکن انہیں اپنی گنجائش کے صرف 30 فی صد کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

شاپنگ مالوں میں ہجوم سے بچنے کے لیے پارکنگ کی دستیابی صرف 25 فیصد تک محدود کردی گئی تھی۔ بیوٹی سیلونوں کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن وہاں گاہک پہلے سے وقت طے کرکے اور صرف زلف یا ناخن تراشی کے لیے جاسکتے ہیں۔

12 سال سے کم عمر بچوں اور 60 سال سے زیادہ ضعیف العمر افراد کے علاوہ پہلے سے مختلف امراض میں مبتلا افراد کو عوامی مقامات اور شاپنگ مالوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

یو اے ای نے سوموار تک کرونا وائرس کے 30307 کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم ان میں سے نصف سے زیادہ صحت یاب ہوچکے ہیں اور ملک میں اس وائرس کا شکار 248 افراد کی اموات ہوئی ہے۔ ان میں زیادہ تر پہلے بھی مختلف امراض کا شکار تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا