دبئی کا دورہ: صدر ٹرمپ کی بیٹی پر اتنی تنقید کیوں؟

ایوانکا ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے ’ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب دبئی‘ کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

ایوانکا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی سینیئر مشیر بھی ہیں(اے پی)

حکومتی اخلاقیات کے لیے امریکی ادارے ’آفس آف دی گورنمنٹ ایتھیکس‘ کے سابق سربراہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کے حالیہ دبئی کے دورے کو ٹیکس دہندگان کے پیسوں پر ’کارپوریٹ‘ دورہ قرار دے دیا۔

ایوانکا ٹرمپ نے، جو وائٹ ہاؤس کی سینیئر مشیر بھی ہیں، گذشتہ ہفتے ’ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب دبئی‘ کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

اس دورے کے دوران انہوں نے دبئی کے حکام سے ملاقاتیں کی، ان کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور انہیں ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے بننے والی ویڈیوز میں ابو ظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

گورنمنٹ ایتھیکس کے سابق سربراہ والٹر شیب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’ٹیکس دہندگان کا شکریہ، جنہوں نے ان (ایوانکا) کے کاروباری دورے کے لیے مالی امداد فراہم کی ۔۔۔ آپ زبردست ہیں۔‘

والٹر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی مالی مدد سے ’وائس آف امریکہ‘ نے ایوانکا کے دورے کی ویڈیوز کو وسیع پیمانے پر پھیلایا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حقیقت یہ ہے کہ سالگرہ کے موقعے پر اس دورے کو اینا مسوگلیا نے سنٹر فار ریسپانسیو پولیٹکس کے ساتھ اجاگر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوانکا کے ساتھ ساتھ ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے سفر، جنہیں ’فرسٹ فیملی‘ کے رکن کی حیثیت سے خفیہ سروس کا تحفظ حاصل ہوتا ہے، پر اس وقت امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈھائی لاکھ ڈالرز خرچ کیے گئے تھے جب ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے چند ہفتوں بعد وہ گالف کلب کے افتتاح کے لیے دبئی گئے۔

اگرچہ یہ گالف کلب ڈونلڈ ٹرمپ یا ان کی کمپنی کی ملکیت نہیں ہے تاہم اس املاک کی تشہیر سے خاندان کے نام کو مالی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔

یہ گالف کورس ڈیمیک پراپرٹیز نے تعمیر کیا تھا اور یہ کمپنی ٹرمپ کا نام استعمال کرنے کے لیے لائسنس کی رقم ادا کرتی ہے۔

مالیاتی گوشواروں کے مطابق 2016 میں صدر ٹرمپ کی کمپنی ’ٹرمپ آرگنائزیشن‘ نے (اس کا نام استعمال کرنے کی مد میں) تقریباً ایک کروڑ ڈالرز وصول کیے تھے۔

نیو یارک ٹائمز کی جانب سے مالیاتی انکشافات کے جائزے کے مطابق امریکی صدر نے ذاتی طور پر کورس مینیجمنٹ کی فیس کے طور پر 2017 میں141,433  ڈالرز کمائے تھے۔

ٹرمپ نے صدارتی ذمہ داریاں شروع کرتے وقت اپنے کاروبار سے علحیدگی سے انکار کرتے ہوئے امریکی روایات کو توڑ دیا تھا۔

ان کا اصرار تھا کہ وہ (کاروبار کے حوالے سے) روز مرہ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے بلکہ ان کے بالغ بچوں کو ’ٹرمپ آرگنائزیشن‘ چلانے کا اختیار دے دیا گیا ہے جو مبینہ طور پر دبئی میں ڈیمیک اور گالفر ٹائیگر ووڈز کی کمپنی کے ساتھ مل کر دوسرے گالف کورس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ٹائیگر ووڈز کو گذشتہ برس وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ نے ایک اعزاز سے نوازا تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ