شیخوپورہ ریسکیو آفس میں پانچ شادی شدہ جوڑے

ان میں سے کچھ جوڑوں میں میاں بیوی کے عہدے ایک جیسے ہیں جبکہ کچھ مختلف عہدوں پر فائز ہیں۔

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ایمرجنسی خدمات سر انجام دینے والے ادارے ریسکیو 1122 کے ایک ہی دفتر میں پانچ شادی شدہ جوڑے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یہ اپنی طرز کا ایک انوکھا واقعہ ہے کیوں کہ اس طرح کی مثالیں عام طور پر سرکاری یا پرائیویٹ دفاتر میں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ان میں سے کچھ جوڑوں میں میاں بیوی کے عہدے ایک جیسے ہیں جبکہ کچھ مختلف عہدوں پر فائز ہیں۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 شیخوپورہ انجینیئر ڈاکٹر محمد اعجاز نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہاں پانچ شادی شدہ جوڑے کام کر رہے ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران ان جوڑوں کے کام پر کوئی فرق دیکھنے میں نہیں آیا۔

’ہم اتنا خیال ضرور کرتے ہیں ان کی ڈیوٹیاں ایسی شفٹ میں رکھیں کہ کوئی ایک گھر پر بھی رہے۔ دفتر کا ماحول کافی پر سکون رہتا ہے اور ہر ایک اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دے رہا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’یہ کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیا گیا بلکہ شادی کرنے والوں نے اپنی مرضی سے شادیاں کی ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں بہت خوش دکھائی دیتے ہیں کیونکہ میاں بیوی ایک دوسرے کی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔

جوڑوں میں سے ایک نے اس حوالے سے گفتگو کی۔ محمد مبشر نیاز نے کہا کہ ’میں اور میری بیوی نو سال پہلے ریسکیو آفس میں بھرتی ہوئے۔ پانچ سال پہلے ہم نے آپس میں انڈرسٹینڈنگ کے بعد گھر والوں سے بات کر کے شادی کی۔ ہمارے دو بچے ہیں، میں فائر فائٹر ہوں جبکہ میرے اہلیہ کنٹرول روم میں ڈیوٹی کرتی ہیں۔ ہماری ازدواجی زندگی بہترین گزر رہی ہے۔‘

اسی طرح نسیم اختر نے کہا کہ ’میں اور میرے خاوند میڈیکل سیکشن میں کام کرتے ہیں ہمارے بچوں کو ہمارے والدین سنبھالتے ہیں۔ ہمارے ڈی او رانا اعجاز بہت تعاون کرتے ہیں۔ اپنے ساتھی افسر سے شادی پسند سے کی ہے اس کا فائدہ یہ ہوا کہ کسی کو وضاحت نہیں دینا پڑی۔ ہمارے معاشرے میں جاب کرنے والی لڑکیوں کو رشتہ کرنے کے لیے بہت وضاحت دینی پڑتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم دونوں ایک ہی نوعیت کا کام کرنے کی وجہ سے ایک دوسرے کی مصروفیات اور مجبوریاں سمجھتے ہیں۔ اس طرح زیادہ مسائل پیدا نہیں ہوتے کیونکہ ہم مل جل کر معاملات کو حل کر لیتے ہیں۔

ریسکیو آفس شیخوپورہ میں محمد عادل نے نسیم اختر، مبشر نیاز نے حسنہ عزیز سے شادی کی ہے۔

جبکہ محمد وسیم نے سدرہ بی بی، حسنین حیدر اور عاصمہ امانت اور افرسیاب بٹ کی ماریہ مقصود نامی ریسکیو افسر سے شادی ہو چکی ہے۔

سرکاری دفتر میں پانچوں شادی شدہ جوڑے نجی اور دفتری زندگی ایک ساتھ گزرنے پر مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ کیونکہ کئی اداروں میں میاں بیوی کے ایک ساتھ کام پر اعتراض کی مثالیں بھی موجود ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا