امریکہ میں پرتشدد مظاہرین بے قابو، ملٹری پولیس بلانے کا عندیہ

امریکی ریاست منیسوٹا میں پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد منیاپولِس شہر میں شروع ہونے والوں ہنگاموں کا سلسلہ دوسرے شہروں تک پھیل گیا۔

منیاپولِس شہر میں ایک گیس سٹیشن کو نذر آتش کر دیا گیا (اے ایف پی)

امریکی ریاست منیسوٹا میں رواں ہفتے پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے بعد منیاپولِس شہر میں شروع ہونے والوں ہنگاموں کا سلسلہ جمعے کو درجنوں دوسرے شہروں تک پھیل گیا۔

 پینٹاگون نے فوج کو حکم دیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے ملٹری پولیس کے کئی یونٹس کو منیاپولِس میں تعینات کرنے کے لیے تیار رکھا جائے۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شمالی کیرولینا میں فورٹ براگ اور نیو یارک میں فورٹ ڈرم میں موجود فوجیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ طلب کیے جانے پرچارگھنٹے میں تعیناتی کے لیے تیار رہیں۔

پینٹاگون ایسےاحکامات کبھی کبھار ہی جاری کرتی ہے۔ صورت حال سے باخبر تین حکام نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبررساں ادارے کو بتایا کہ ریاست کولوراڈو میں فورٹ کارسن اور کنساس میں فورٹ رائیلی میں موجود فوجیوں کو 24 گھنٹے میں تعیناتی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فوج کو تیار رہنے کے زبانی احکامات جمعے کو دے دیے گئے تھے۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر دفاع مارک ایسپر سے فوج طلب کرنے کے بارے میں کہا تھا تاکہ منیاپولِس میں احتجاجی مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والے خراب حالات پر قابو پایا جا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مظاہروں کے درمیان لوٹ مار کے واقعات ہوئے جب کہ شہر میں کئی مقامات پر آگ لگا دی گئی۔

پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے ٹیلی فون پربتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایسپر سے کہا کہ منیا پولِس میں ہونے والے مظاہرے قابو سے باہر ہونے کی صورت میں  فوج کی تیزی سے تعیناتی پر غور کیا جائے۔

عہدے دار کا کہنا تھا کہ فوجی یونٹ 1807 کے بغاوت ایکٹ کے تحت تعینات کیے جائیں گے۔ اس سے پہلے اس قانون کو 1992 میں لاس اینجلس میں استعمال کیا گیا تھا جب روڈی کنگ کے مقدمے کے دوران ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ پولیس نے مصنف کنگ کو گرفتاری کے دوران مزاحمت پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

قومی سلامتی کے امور کے ماہر اور واشنگٹن ڈی سی میں کام کرنے والے ایک وکیل بریڈموس نے بتایا کہ اگر صورت حال پر قابو پانے کے لیے صدر سے رابطہ کیا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ حالات زیادہ خراب ہوتے جا رہے ہیں اور ریاستی اور مقامی حکام بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو پانے کے لیے کارروائی پر تیار نہیں۔

محکمہ دفاع کے دو حکام سمیت تین لوگوں نے بتایا کہ طلب کیے جانے کی صورت میں تقریباً 800 فوجی منیاپولِس میں تعینات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب منیاپولِس پولیس کے 44 سالہ سفید فام افسر ڈیرک چاؤین پردوسرے اور تیسرے درجے کے قتل کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔

جمعے کو گرفتار ہونے والے ڈیرک نے جارج فلوئیڈ کی گردن پر گھٹنا رکھ کرانہیں زمین کے ساتھ لگائے رکھا جس کے بعد فلوئیڈ کی موت واقع ہو گئی تھی۔ اُن پر ایک پولیس افسر کی بات کو نظرانداز کرنے کا الزام بھی لگا ہے جنہوں نے فلوئیڈ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

چاؤین اور موقعے پر موجود تین دوسرے پولیس افسروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ قتل کا الزام ثابت ہونے کی صورت میں چاؤین کو 12 برس سے زیادہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ