فیفا کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تنخواہ اور ٹرانسفر فیس کی مد میں دی جانے والی رقم کی حد مقرر کرنے پر تیار ہے۔ فیفا کے صدر جیانی انفانتینو نے ہفتے کو مطالبہ کیا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تنخواہ اور ٹرانسفر فیس کی رقم کو محدود کرنے پر بات ہونی چاہیے۔
عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی آئندہ کچھ ہفتوں میں ایک ایسے منصوبے کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے جس میں کرونا کے باعث پیدا ہونے والے عالمی بحران سے کھیل کو ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لیے ریلیف پیکج دیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیفا نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے 211 ارکان کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی رقم جاری کرے گا جو کہ اس امدادی منصوبے کا پہلا قدم ہو گا۔ یویئفا یعنی یورپی یونین فٹ بال ایسوسی ایشنز کی یونین نے بھی اس اعلان کے بعد اپنی فیڈریشن کے 55 ارکان کے لیے 23کروڑ 65 لاکھ یوروز کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔
گذشتہ مہینے جرمن ایف اے اور بیرن میونخ کے چیئرمین کارل ہینز رومینیگے نے زور دیا تھا فٹ بال کو 'معتبر' رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تنخواہ اور ٹرانسفر فیس کی حد مقرر کرنے کے سلسلے میں اصلاحات کرنی ہوں گی۔
انفانتینو نے فیفا کے ارکان کو لکھے جانے والے کھلے خط میں کہا کہ 'معاشی اور انتظامی امور کے حوالے سے میرے پاس کئی معاملات پر دلچسپ تجاویز موجود ہیں۔ جن میں چند ایک زیادہ سے زیادہ تنخواہ کی حد مقرر کرنے، ٹیکسیشن کے طریقہ کار، گورننگ باڈیز کے لیے لازمی اقدامات شامل ہیں جبکہ مقابلوں کے منتظمین اور کلبز کو ایسے فنڈز کے مختص کرنے کو یقینی بنانے کا بھی کہا جا سکتا ہے جو موجودہ صورت حال جیسے وقت میں کام آ سکے۔ میں ذاتی طور پر سخت معاشی شفافیت اور انتظامی اصولوں کی حمایت کرتا ہوں اور اسے صرف ٹرانسفر کے نظام تک محدود نہیں رکھنا چاہتا بلکہ اسے فٹ بال کے پورے نظام کا حصہ بنانا چاہتا ہوں۔'
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'فیفا اس حوالے سے پہلے ہی کافی کام کر رہا ہے چاہے اس حوالے سے ہمیں مفادات کے حوالے سے کسی مزاحمت کا سامنا ہو یا فٹ بال کے عالمی انتظام کو بہتر کرنے کی ہماری کوشش کی مخالفت کی جائے۔'
اکاؤنٹنگ فرم کے پی ایم جی کی ایک حالیہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یورپ کی 10 صف اول کی لیگز میں کھلاڑیوں کی ٹرانسفر کی رقم کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث 10 ارب یوروز تک گر سکتی ہے۔
متوازن عالمی کیلنڈر:
فرینچ لیگ کی جانب سے اپریل میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ نشریاتی ادائیگیوں کی مد میں ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لیے حکومتی گارنٹی سے 22 کروڑ پچاس لاکھ یورز کا قرض حاصل کرے گی۔
گذشتہ سیزن میں چیمپینز لیگ کی فاتح ٹوٹنھم کو ممکنہ معاشی نقصان سے نمٹنے کے لیے بینک آف انگلینڈ کی جانب سے 17 کروڑ 50 لاکھ یوروز کا قرض دیا گیا تھا۔
انفانتینو پر امید ہیں کہ وہ رواں مہینے میں ہونے والے فیفا کے اگلے اجلاس میں اس امدادی پیکج کی منظوری حاصل کر لیں گے۔
جیانی انفانتینو کا کہنا ہے کہ 'کلب فٹ بال کو بحال کرنا ہماری اولین ترجیح بن چکا ہے لیکن ہمیں قومی ٹیمز، خواتین کی ٹیمز، دوسرے درجے کی فٹ بال لیگز، یوتھ اور گراس روٹ پر بھی اس کھیل کے بارے میں سوچنا ہو گا۔ ہمیں فٹ بال کے لیے ان تمام کے حوالے سے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور یہ یقینی بنانا ہو گا کہ عالمی طور پر فٹ بال دوبارہ شروع ہو سکے۔ یہ ہماری ترجیح ہے اور ہمارے معاشی منصوبے کا بھی یہی مقصد ہو گا۔'
ایک جانب جب ڈومیسٹک لیگز بتدریج بحال ہو رہی ہیں وہیں دوسری جانب بین الاقوامی کیلنڈر پر یورو 2020 اور کوپا امریکہ اگلے سال تک منسوخ ہو چکے ہیں۔ لیکن انفانتینو کے مطابق ایک نظر ثانی شدہ بین الاقوامی کیلنڈر جلد ہی شائع کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 'ایک اور اہم موضوع بین الاقوامی میچ کلینڈر ہے۔ مجھے یہ بتا کر خوشی ہو رہی ہے کہ اس حوالے سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم ایک متوازن حل کے قریب پہنچ چکے ہیں جو تمام مشکلات اور ضروریات کو مدنظر رکھے گا۔'