سوشانت کی موت: کرن جوہر اور سلمان خان تنقید کی زد میں

اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک ویڈیو میں سوشانت سنگھ کی افسوسناک موت کے حوالے سے فلم انڈسٹری پر کچھ سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے جس کے بعد سوشل میڈیا پر سلمان خان اور کرن جوہر پر اقرباپروری کے حوالے سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

کنگنا کے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پہ دو لوگوں کے خلاف بہت زیادہ گرماگرمی دکھائی دے رہی ہے۔ پہلے صرف کرن جوہر ہی اس ٹرینڈ کا نشانہ تھے لیکن اب سلمان خان کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔(اے ایف پی فائل)

معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے نوجوان بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی افسوسناک موت کے حوالے سے فلم انڈسٹری پر کچھ سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی جانب سے وہ وجہ بھی چھپائی جا رہی ہے جس کے باعث سوشانت سنگھ اس انتہائی اقدام پر مجبور ہوئے۔

ٹوئٹر پر شائع ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور مسلسل پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ جو لوگ ذہنی طور پر کمزور ہوتے ہیں، وہ ڈپریشن میں آکر خودکشی کر لیتے ہیں۔

انہوں نے سوشانت سنگھ کی موت کے حوالے سے سوال اٹھایا کہ جو انسان انجینئرنگ میں رینک ہولڈر ہو، پڑھائی میں اتنا لائق ہو، اس کا دماغ کیسے کمزور ہوسکتا ہے؟

کنگنا کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ سوشانت کی آخری پوسٹس دیکھیں تو ان میں وہ واضح طور پر لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ آپ میری فلمیں دیکھیں، کیونکہ میرا کوئی گاڈ فادر نہیں ہے اور مجھے اس فلم انڈسٹری سے نکال دیا جائے گا۔

بھارتی اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اپنے انٹرویوز میں وہ واضح کررہے ہیں کہ فلم انڈسٹری مجھے کیوں نہیں اپناتی؟۔ کنگنا رناوت نے سوال کیا کہ کیا یہ اس افسوسناک واقعے کی بنیاد نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی اور سٹار کڈ نے چھ سات سال کے اتنے کم وقت میں ایسی شاندار فلمیں کی ہوتیں تو کیا اسے کوئی ایوارڈ نہ ملتا؟ انہوں نے کہا کہ سوشانت کو تو کوئی ڈیبیو ایوارڈ تک نہیں دیا گیا۔

کنگنا رناوت نے انڈسٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آپ سے کچھ نہیں چاہئے، لیکن آپ ہمارے کام کو تسلیم کیوں نہیں کرتے ہیں؟'

کنگنا کا کہنا تھا کہ میری اپنی فلموں کو ہمیشہ ناکام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

کنگنا نے کہا کہ جو 'فلم انڈسٹری کے سٹار فنکاروں کے چمچے صحافی ہیں وہ بغیر کسی تحقیق کے یہ لکھ دیتے ہیں کہ سوشانت نشہ کرتا تھا، نفسیاتی مسائل کا شکار تھا، ان سب کو سنجے دت کی ایڈکشن پیاری کیوں لگتی ہے؟'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہی صحافی مجھے فون کرتے ہیں کہ تمہارا بہت مشکل وقت ہے، تم کوئی ایسا ویسا قدم نہیں اٹھالینا۔ اصل میں یہ ان کی طرف سے کوشش ہوتی ہے کہ میرے دماغ میں بات ڈالی جائے اور میں خود کشی کر لوں۔ میں ایسے لوگوں کی باتوں میں نہیں آتی۔

کنگنا رناوت کا مزید کہنا تھا کہ سوشانت کی غلطی یہ ہے کہ وہ ان لوگوں کی بات مان گئے، وہ اپنا بے وقعت ہونا مان گئے۔

کنگنا رناوت اس سے پہلے بھی متعدد بار بھارتی فلم انڈسٹری پر اقرباپروری کے الزام لگا چکی ہیں۔ ان کا ہمیشہ سے یہ کہنا ہے کہ میڈیا ہمیشہ نامور فلی ستاروں کے بچوں کو بہت زیادہ کوریج دیتا ہے، انہیں ہی سارے ایوارڈ دیے جاتے ہیں، ان کی پہلی فلم کی پبلسٹی بھی دھماکے دار طریقے سے ہوتی ہے لیکن کوئی عام انسان جو اس راستے سے فلم انڈسٹری میں نہ آئے اسے کوئی بھی نہیں پوچھتا۔ اسے سب کچھ اپنے زور بازو پہ کرنا پڑتا ہے۔

 

کنگنا کے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پہ دو لوگوں کے خلاف بہت زیادہ گرماگرمی دکھائی دے رہی ہے۔ پہلے صرف کرن جوہر ہی اس ٹرینڈ کا نشانہ تھے لیکن اب سلمان خان کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کرن جوہر پہ ہمیشہ سے ہی فلم سٹارز کے بچوں، بھائیوں، بہنوں اور دوسرے رشتے داروں کو لے کر فلمیں بنانے کا الزام رہا ہے لیکن اس مرتبہ کنگنا کے آتشیں بیان کے بعد ٹوئٹر صارفین ان کے بہت زیادہ مخالف دکھائی دے رہے ہیں اور کئی لوگ تو ان کی آنے والی اگلی فلم کا بھی بائیکاٹ کرنے جا رہے ہیں۔

سلمان خان کے ساتھ معاملہ یہ ہوا کہ انہوں نے جب سوشانت سنگھ کے لیے تعزیتی ٹویٹ کی تو بہت سے لوگوں نے انہیں بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

انہیں ایشوریا رائے، وویک اوبرائے اور گلوکار ارجیت سنگھ کے فلمی کریئر تباہ کرنے کا ذمہ دار بھی قرار دیا گیا۔ مصدقہ اطلاعات نہ ہونے کے باوجود کئی صارفین نے سلمان خان کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوشانت سنگھ کو فلم انڈسٹری میں تقریباً بین کروا دیا تھا اور ان کے پاس نیٹ فلکس اور ٹی وی کے علاوہ کہیں کام کرنے کا راستہ نہیں بچا تھا۔ اس خبر کے ثبوت میں انہوں نے بھارتی فلمی ناقد کے آر کے کی جانب سے جنوری میں کیا گیا ٹوئٹ بھی پوسٹ کیا۔

دوسری جانب 'ٹائمز آف انڈیا' کو انٹرویو دیتے ہوئے سیف علی خان نے بھی بھارتی فلم انڈسٹری پہ سخت تنقید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوشانت کی موت کے بعد جو پوری بھارتی انڈسٹری پیار جتانے لگ گئی ہے اس سے بہتر تھا کہ یہ لوگ خاموش رہتے۔ انہوں نے اسے دوغلاپن قرار دیا اور کہا کہ یہ مرنے والے کی بے عزتی جیسا ہے۔

کنگنا کی ویڈیو اور سوشل میڈیا صارفین کے رویے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ صورت حال سے فائدہ اٹھانے والی بات ہے اور کچھ نہیں۔ یاد رہے کہ سیف علی خان خود اس سٹار کاسٹ میں شامل ہیں جن کے خلاف کنگنا نے اقرباپروری کا الزام لگایا تھا۔

'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق وویک ابرائے جو ٹوئٹر میڈیا صارفین کے مطابق کرئیر میں اسی رویے کا شکار ہوئے،  نے سوشانت کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد اپنے تاثرات رقم کرتے ہوئے کہا: میں سوشانت کے والد کی آنکھوں میں دکھ کی شدت دیکھ نہیں پا رہا تھا۔

'فلم انڈسٹری کو ایک ایسی جگہ ہونا چاہیے جہاں ٹیلنٹ کی پرورش ہو نہ کہ اسے کچل دیا جائے۔ میری شدید خواہش ہے کہ کاش میں انہیں اپنے تجربے سے سکھا پاتا لیکن ایسا نہیں ہو سکا، موت ان سب سازشوں کا جواب نہیں ہے۔ جب ان کے والد ان کی چتا کو آگ لگا رہے تھے تو جو  غم ان کی آنکھوں میں تھا اور جس طرح سوشانت کی بہن ان کی لاش کی منتیں کر رہی تھی کہ بھائی واپس آ جاؤ، وہ سب ناقابل برداشت تھا۔'

مہاراشٹرا کے ہوم منسٹر انیل دیش مکھ کےمطابق پولیس اس موت کے کیس میں بالی وڈ رائیولری کے امکانات کا بھی جائزہ لے گی۔ 

سوشانت نے جن دو لوگوں کو آخری مرتبہ فون کیا تھا انہیں بھی تحقیات میں شامل کیا جائے گا۔ 

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ