دو دن پہلے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس خصوصاً فیس بک پر کراچی کے ایک علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرہ سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوڈ ڈیلیوری بوائے ایک گھر کو کھانے کا سامان دینے کے بعد پیسے لے کر جیسے ہی اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھا، پیچھے سے ایک اور موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان وہاں پہنچے اور فوڈ ڈیلیوری بوائے سے پیسے اور موبائل فون چھین لیا۔
ویڈیو میں آگے دیکھا گیا کہ وہ ڈیلیوری بوائے ان ملزمان کو کچھ کہتا ہے اور ساتھ ہی رونے لگا۔
ان ’ڈاکوؤں‘ نے نہ صرف روتے ہوئے ڈیلیوری بوائے کو اس کے پیسے واپس کیے بلکہ ایک نے اس سے گلے مل کر کندھے پر تھپکی دی اور دوسرے شخص نے الوداعی مصافحہ کیا اور وہ وہاں سے چلے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی کے رہائشی فوڈ ڈیلیوری بوائے محمد نعمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو اس سارے واقعے کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں جیسے ہی کھانے کی ڈیلیوری کرنے کے بعد پیسے لے کر موٹرسائیکل کے پاس آیا تو ڈاکو آگئے اور میرے پیسے اور موبائل چھین لیا۔‘
’جب میں نے ان کو بتایا کہ موبائل کسی اور کا ہے، اب میں فوڈ ڈیلیوری کیسے کروں گا، حالات پہلے ہی خراب ہیں‘
تو یہ سننے کے بعد ’ڈاکو نے کہا ہمارے پاس بھی دل ہے ‘اور یہ کہہ کر پیسے اور موبائل واپس کر دیے اور تسلی دی کہ رو مت۔‘